صوبے میں امن وامان مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے ، زراعت ، تجارت ، کاروبار ختم ہوکر رہ گئی ہے، آغا سید لیاقت علی

بدھ 1 اکتوبر 2025 22:40

ٍلورالائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 اکتوبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع لورالائی کا اجلاس پارٹی کے مرکزی ایڈیشنل مالیات سیکرٹری آغا سید لیاقت علی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ضلع ایگزیکٹیوز، ضلع کمیٹی ، تحصیل بوری کمیٹی کے اراکین نے شرکت کی ۔ اجلاس میں شہدا جمہوریت اور شہدا وطن کی برسیوں کے موقع پر 7اکتوبر کو عظیم الشان جلسہ عام کے انعقاد کے حوالے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں جلسہ عام کی کامیابی کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئی اور پارٹی عہدیداریوں ، کارکنوں کو ذمہ داریاں سونپی گئی ۔ اجلاس میں اب تک کی تیاریوں اور تنظیمی سیاسی کارکردگی رپورٹ بھی پیش کی گئی ۔ اجلاس میں پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جبار خان اتمانخیل ، مرکزی سیکرٹری عبدالحق ابدال، صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز حاجی دارا خان جوگیزئی ،حبیب الرحمن کاکڑ، دوست محمد لونی اور ضلع سیکرٹری صفدر خان میختروال نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فوری طور پر تحصیل کمیٹیوں ، علاقائی کمیٹیوں کے اجلاسوں کے انعقاد اور تمام کارکنوں کو جلسہ کی کامیابی کے لیے شب روز محنت کی تاکید کی گئی ۔ اجلاس میں پارٹی کارکنوں پر زور دیا گیا کہ وہ گھرگھر عوامی رابطہ مہم کرتے ہوئے پارٹی پروگرام کو پہنچائیں اور تمام عوام کو 7اکتوبر کے جلسہ عام میں شرکت کی دعوت دیں۔ اجلاس سے پارٹی رہنمائوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدا کے سرخیل خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور قومی تحریک کے تمام شہدا بالخصوص 7اکتوبر 1983اور11اکتوبر 1991کے شہدا وطن کی برسیوں کو منانے کا مقصد ان کے قومی ارمانوں کی تکمیل کے لیے ایک نئے ولولے کیساتھ پارٹی چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی کی قیادت میں جاری جدوجہد کو آگے بڑھانے اور اپنے عزم کا اعادہ کرنا ہے۔

ان شہدا نے ملک میں جمہوریت اور اپنے وطن اور اس کے عوام کے حقوق کے لیے اپنے سروں کا نذرانہ پیش کیا اور ملک کے آمرانہ ، جابر ، ظالم قوتوں اور صوبے میں ہر طرح کی بالادستی کو تسلیم کرنے سے انکار کرتے ہوئے اپنی جانیں قربان کیں۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی ملک میں آمرانہ اور جمہوری قوتوں کے مابین جاری رسہ کشی میں فتح جمہوری قوتوں کی ہوں گی ۔

ملک میں غیر جمہوری قوتوںکی مسلط کردہ فارم47کی حکومت کی نااہلی ، ناکامی کے نہ صرف ملک بالخصوص اس صوبے میں عوام کی زندگی اجیرن ہوگئی ہے ۔ صوبے میں امن وامان مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے ، زراعت ، تجارت ، کاروبار ختم ہوکر رہ گئی ہے ۔ تعلیم ، صحت، روزگار ، پینے کا صاف پانی ، بجلی ، گیس سے عوام کو محروم رکھا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سے لورالائی ، لورائی سے ڈیرہ غازی خان ، کوئٹہ تا ژوب، کوئٹہ تا کراچی ، کوئٹہ تا چمن ، کوئٹہ تا گودار تمام چھوٹے بڑے شاہراہوں پر سفر غیر محفوظ ہوچکا ہے۔

لاقانونیت ، اغواء برائے تاوان ، چوری ،ڈکیتی ، بدامنی کے واقعات نے عوام کو سرومال کے تحفظ کے سنگین مسئلے سے دوچار کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی جاری صورتحال تمام عوام کے سامنے ہیں اس وقت تمام عوام کی امیدیں جمہوریت کے عظیم قائد محمود خان اچکزئی سے وابستہ ہے ملک میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے جمہوری تحریک کو کامیابی سے ہمکنار بنانے کے لیے پارٹی کارکنوں پر بالخصوص اور اتحاد میں شامل دیگر پارٹیوں کے کارکنوںپر بالعموم ذمہ داریوں میں اضافہ ہوا ہے اس لیے ہمیں اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے ملک کے تاریخ کے اس اہم جمہوری تحریک میں آگے بڑھانا ہوگا اور اس کے لیے ہمہ وقت ہر قسم کی قربانیوں کے لیے تیار رہنا ہوگا