فلوٹیلا مظاہرین پوری دنیا کے ہیرو ہیں،رہا کیا جائی:پاسبان

جمعہ 3 اکتوبر 2025 14:44

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اکتوبر2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائدکی زیر قیادت، صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی جارحیت اور نہتے انسانی حقوق کے کارکنان کی گرفتاری کے خلاف ، لیمارکیٹ چوک پر زبردست احتجاجی مظاہرہ منعقد ہوا۔ مظاہرے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پی ڈی پی کراچی کے صدر نے کہا کہسینیٹر مشتاق احمد کی گرفتاری شرمناک ہے، انہیں فی الفور رہا کیا جائے۔

غزہ کا محاصرہ ختم کیا جائے تاکہ بھوکے اور بیمار لوگوں تک غذا اور ادویات پہنچائی جا سکے۔ غزہ کو اسرائیل کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ تمام اسلامی ممالک اسرائیل کو تسلیم کرنے سے انکار کر دیں۔ اسلامی ممالک اسرائیل کی ننگی جارحیت کے خلاف جہاد کا اعلان کریں۔اقوام متحدہ مغرب کی جیب میں رہتا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم ممالک علیحدہ ہو جائیں۔مسلمان اسرائیل کا حقہ پانی بند بائیکاٹ کریں۔

حکومت پاکستان فی الفور ٹرمپ کے بیس نکاتی پلان سے لا تعلقی کا اعلان کرے۔ پاکستان قیامت تک اسرائیل کو تسلیم نہیں کر سکتا ہے۔ جو علامہ اقبال اور قائد اعظم کے فرمان سے غداری کرے گا اسے نشان عبرت بنا دیں گے۔ پاکستانی قیادت تاریخ کی درست سمت کھڑی رہے ورنہ میر جعفر اور میر صادق کے نام کے ساتھ ان کا نام تاریخ میں درج ہوگا۔ امت مسلمہ سے غداری قوم معاف نہیں کرے گی۔

تاریخ انسانی میں انسانوں سے ایسے بے رحمانہ سلوک کی مثال نہیں ملتی ہے۔ اسرائیلیوں نے ہٹلر اور چنگیز خان سے زیادہ مظالم ڈھا دئیے۔ اکیسویں صدی میں انسانیت شرما گئی ہے۔ ٹرمپ منصوبے پر خاموشی سے مغرب کا مکروہ چہرہ پھر بے نقاب ہو گیا۔ نیتن یاہو ایک لاکھ بچوں کا قاتل ہے۔ اسرائیلی حملہ صرف فلوٹیلا کے شرکاء پر نہیں، بلکہ پوری انسانیت پر حملہ ہے۔

ہم مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان تمام بہادر کارکنوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو انسانیت کی خدمت کے مشن پر نکلے ہیں۔مظاہرے کا مقصد اسرائیلی ریاست کی جانب سے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی، اور محصور فلسطینیوں کے لیے امدادی سامان لے جانے والے فلوٹیلا قافلے پر حملے کی شدید مذمت کرنا تھا۔ شرکاء نے گرفتار افراد کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے اسرائیل کے خلاف مؤثر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

پی ڈی پی کے وائس چیئرمین اعظم منہاس، کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد،کراچی بار ایسوسی ایشن کے رہنما ایڈووکیٹ محمد علی خاصخیلی، ضلعی رہنما اکرم آگریا،اختر قریشی، امجد بلوچ،جاوید اقبال،فضل ربی خان و دیگر نے بھی مظاہرے سے خطاب کیا۔مظاہرین نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر فلسطین زندہ باد،اسرائیلی دہشتگردی نامنظوراورفلوٹیلاشرکاء کو رہا کرو، جیسے نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پرامن انداز میں احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا۔