چیف سیکرٹری سندھ سے سندھ ایمپلائز الائنس کے آٹھ رکنی وفد کی ملاقات

جمعہ 3 اکتوبر 2025 19:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 اکتوبر2025ء) چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر شاہ سے سندھ ایمپلائیز الائنس کے آٹھ رکنی وفد نے حاجی اشرف خاصخیلی کی قیادت میں ملاقات کی اورسرکاری ملازمین کو درپیش مسائل بالخصوص پنشن اصلاحات، ڈی آر اے الائونس، گروپ انشورنس اور دیگر مطالبات پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔جمعہ کو جاری اعلامیہ کے مطابق یہ ملاقات چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کی خصوصی ہدایات پر منعقد ہوئی۔

ملاقات کے دوران چیف سیکرٹری سندھ نے وزیر اعلی سندھ سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں ملازمین کے مسائل سے آگاہ کیا، جس پر وزیر اعلی سندھ نے یقین دہانی کرائی کہ ان امور کو پیر کو ہونے والے کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس مثبت پیش رفت کے بعد سندھ ایمپلائز الائنس نے 6اکتوبر کو ہونے والا دھرنا موخر کرنے اور احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔

چیئرمین الائنس حاجی اشرف خاصخیلی نے کہا کہ کل سے تمام ملازمین دفاتر میں حاضر ہو کر اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں گے۔ مزید برآں ایک اعلی سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری سکول ایجوکیشن اور سیکرٹری قانون شامل ہوں گے جبکہ سندھ ایمپلائیز الائنس کے چار نمائندے بھی اس کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔

چیف سیکرٹری سندھ نے کہا کہ سندھ حکومت سرکاری ملازمین کے مسائل کو سنجیدگی سے دیکھ رہی ہے اور ان کے حل کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔ بعد ازاں سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈپارٹمنٹ کی جانب سے آئندہ سندھ کابینہ اجلاس کا ایجنڈا جاری کیا گیا، جس میں سندھ ایمپلائیز الائنس کی جانب سے اٹھائے گئے مسائل کو شامل کیا گیا ہے۔ ایجنڈے میں تنخواہیں اور ڈی آر اے الائونس، گروپ انشورنس و بینوولنٹ فنڈ اور پنشن اصلاحات جیسے اہم معاملات شامل ہیں۔ ملاقات میں سیکرٹری سکول ایجوکیشن، سیکرٹری خزانہ، سیکرٹری جنرل ایڈمنسٹریشن اور ڈپٹی کمشنر سائوتھ نے شرکت کی۔