/ملک پر مسلط فارم47کی حکومت نے ملک کو ہمہ جہت بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے، معاشی طور پر دیوالیہ اور تجارتی خسارہ بڑھتی جا رہی ہے ،پشتونخوا ملی عوامی پارٹی

اتوار 5 اکتوبر 2025 21:55

~کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 اکتوبر2025ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے زیر اہتمام 7اکتوبر 2025کو شہدا ء جمہوریت اور شہداء وطن کے برسی کے جلسہ عام کے سلسلے میں ضلع لورالائی کے درگئی، شبوزئی اور ضلع لورالائی کے توسیع کمیٹی کا اجلاس اورجامع مسجد کنوبی کا اولسی جرگہ زیر صدارت پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال منعقد ہوئے ۔

جس سے عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی نائب صدر محترمہ وڑانگہ لونی،داد خان علیزئی ، سردار ثاقب کاکڑ، جعفر خان اتمانخیل اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک پر مسلط فارم47کی حکومت نے ملک کو ہمہ جہت بحرانوں میں مبتلا کردیا ہے ۔ معاشی طور پر دیوالیہ اور تجارتی خسارہ بڑھتی جا رہی ہے ، روپے کی قدر میں کمی اور ڈالر کی اُڑان جاری ہے جس کے نتیجے میں غریب عوام پر بیروزگاری اور مہنگائی مسلط ہے۔

(جاری ہے)

عوام کو بجلی ، گیس ، پینے کا صاف پانی مہیا نہیں ۔ تعلیم صحت کی سہولیات ناپید ہوتے جارہے ہیں ۔ تمام محکمہ جات مفلوج اور کرپشن کے ناسور میں مبتلا ہوچکے ہیں۔ اور عوامی خدمت کی بجائے لوٹ کھسوٹ جاری ہے۔ دوسری جانب امن وامان کی صورتحال اور عوام کو سرومال کی تحفظ حاصل نہیں۔ مختلف بین الصوبائی اور قومی شاہراہوں کو بند کرنے کا مکروہ عمل جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی گھمبیر اور کشیدہ صورتحال اور ملک کے اندر دہشت گردی کے نام پر پشتون معدنی خزانوں پر قبضے کی سازش جاری ہے۔ پشتونوں کی تجارت ختم کرنے ، ڈیورنڈ خط پر کاروباری پابندیاں لاگو کرنے ، آنے جانے کا راستہ روکنے ، پشتون اعلیٰ سماجی روایات پائمال کرنے ، ایجنسیوں کے کارڈ ہولڈرز کے ذریعے امن تباہ کرنے اور سویلین اتھارٹی کو مفلوج کرکے انہیں بے اثر بنانے کی پالیسی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملکی آئین کی پائمالی، آئینی اداروں کو بے اثر بنانے ، عدلیہ اور میڈیا کی آزادی سلب کرنے ، پارلیمنٹ کے اختیارات کا خاتمہ کرنے ، جمہوریت اور جمہوری اداروں کو ختم کرنے اور قومی زبانوں سے انکار کی ناکام داخلہ پالیسی کو دوام دینے کے غیر آئینی غیر جمہوری اور غیر قانونی عمل جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جمہوری وطن دوست پارٹیوں اور ان کے سیاسی کارکنوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے پلیٹ فارمز سے محمود خان اچکزئی کی قیادت میں آئین پاکستان کی بحالی پارلیمنٹ کی خودمختاری ، جمہور کی حکمرانی اور ملک کو قوتوں کو برابری کے حقیقی فیڈریشن اور قوموں کے قومی زبانوں کو رائج کرنے سے ملک میں سیاسی استحکام ممکن ہے۔

انہوں نے ضلع لورالائی کے سیاسی جمہوری عوام دوست محب وطن قوتوں اور عوام سے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی ۔ اس موقع پر پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جبار خان اتمانخیل ، صوبائی ڈپٹی سیکرٹریز صورت خان کاکڑ، حبیب الرحمن بازئی ، دوست محمد لونی ، ضلع صدر صفدر میختروال اور احمد جان وکیل سمیت دیگر رہنماء بھی موجود تھے۔