Live Updates

علیمہ خان کا عمران خان کو آفر ملنے سے متعلق نیا دعویٰ

برطانوی سیکریٹری خارجہ نے عمران خان کو آفر دی اس کے بعد پھر آفر آئی، محسن نقوی کہتا ہے نام بتاؤ تو وہ برطانوی سیکریٹری خارجہ سے پوچھ لے؛ سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی پیر 6 اکتوبر 2025 14:31

علیمہ خان کا عمران خان کو آفر ملنے سے متعلق نیا دعویٰ
راولپنڈی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے سابق وزیراعظم کو آفر ملنے سے متعلق نیا دعویٰ کردیا۔ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 4 اگست کو گرفتاری سے ایک دن قبل برطانیہ کے سیکریٹری خارجہ نے عمران خان کو آفر دی، اس کے بعد پھر آفر دی گئی، اب وزیر داخلہ محسن نقوی کہتا ہے نام بتاؤ تو محسن نقوی برطانوی سیکریٹری خارجہ سے پوچھ لے۔

علیمہ خان کا کہنا ہے کہ اب ہمارے پاس وقت نہیں ہے کہ میں اپنی ضمانتوں کے لیے ایک عدالت سے دوسری عدالت بھاگتی پھروں، سب سے اہم اب عمران خان کا پیغام پہنچانا ہے ہم آج بھی ایک عدالت نہیں گئے اڈیالہ آئے ہیں، ہم عمران خان کے ایک ایک لفظ کی حفاظت کریں گے، ملک میں عاصم لاء ہے ملک میں اگر عاصم لاء کے مطابق چلو گے تو انصاف مل جائے گا ورنہ جیلوں میں جاؤ گے میں عمران خان کا پیغام پہنچاتی ہوں اور اسی پر قائم ہیں، ان کو میرے سے مسئلہ یہ ہے کہ میں عمران خان کا پیغام لوگوں تک پہنچاتی ہوں، یہ مجھے جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں تو ڈال دیں، میری بہنیں ہیں ان کے بچے ہیں، ایک کے بعد ایک آتا جائے گا لیکن عمران خان کا پیغام ضرور قوم تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حضرت علی کا قول ہے کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نظام نہیں چل سکتا آج آپ دیکھ لیں ظلم کا نظام نہیں چل رہا، 9 مئی سمیت 4 سے 5 تاریخوں میں انہوں نے 20 سے 25 ہزار لوگوں پر پرچے کاٹ رکھے ہیں، عمران خان کے سارے کیسز باہر جا رہے ہیں دنیا دیکھے گی کہ کیسے عمران خان کو غلط سزائیں دی گئیں، عمران خان کو اب ساری زندگی یہ سائفر، عدت، توشہ خانہ، القادر میں دوبارہ ہاتھ نہیں لگا سکیں گے، بکنے والے ججز کے گرد انصاف پسند ججز گھیرا تنگ کریں گے کیوں کہ عدلیہ پوری بدنام ہو رہی ہے۔

سابق وزیراعظم کی ہمشیرہ کہتی ہیں کہ بیرسٹر سلمان صفدر کے مطابق اس ہفتے میں توشہ خانہ ٹو میں یہ سزا سنا دیں گے کیوں کہ 16 کو القادر کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہے، ان کا سکرپٹ تیار ہے لیکن جج 10 سال کی چھوڑیں 50 سال کی سزا بھی عمران خان کو سنا دیں تو اب کوئی فرق نہیں پڑتا کیوں کہ سب کچھ ریکارڈ کا حصہ بن چکا ہے کہ عمران خان بے گناہ ہیں، توشہ خانے ٹو میں تو عمران خان تین ہفتے پہلے ہی بے گناہ ثابت ہو گئے تھے جب گواہ ایکسپوز ہوئے تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ حالات خراب ہو رہے ہیں، 30 لاکھ پاکستانی دماغ ملک چھوڑ کر چلا گیا ہے، یہ لوگ پنجاب اور خیبرپختونخواہ سے گئے ہیں، جب ملک میں انڈسٹری نہیں لگے گی تو لوگ روزگار کے لیے ملک چھوڑ کر چلے جائیں گے، عدالتیں چوروں کو تحفظ دے رہی ہیں، اڈیالہ کے باہر کارکنان نے کیک کاٹا تو ان کو رات کو اٹھا کر پرانی ایف آئی آرز میں ڈال دیا، کل اسلام آباد ہائیکورٹ میں جج راجہ انعام امین منہاس یا تو چھٹی پر چلے جائیں گے یا بیمار ہو جائیں گے کیوں کہ کل توشہ خانہ کیس چلنا ہی نہیں چاہیے اس کی سماعت ہے، یہ ہو ہی نہیں سکتا جج منہاس کل سماعت کرے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات