Live Updates

شہبازشریف کی کامیابی سے خوفزدہ مریم نواز نے پیپلزپارٹی کو نشانے پر لیا تاکہ وفاق کمزور ہو

بظاہرلگ رہا ہےکہ شہبازشریف کی کامیابی کو نوازشریف اور مریم نواز ہضم نہیں کرپارہے، عظمی بخاری تنخواہ حلال کرتے کرتے ماسی مصیبتے بن گئی ہیں۔ رہنما پیپلزپارٹی سینیٹر قرۃ العین مری

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 6 اکتوبر 2025 19:49

شہبازشریف کی کامیابی سے خوفزدہ مریم نواز نے پیپلزپارٹی کو نشانے پر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 اکتوبر 2025ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی رہنما سینیٹر قرۃ العین مری نے کہا ہے کہ شہبازشریف کی کامیابی سے خوفزدہ مریم نواز نے پیپلزپارٹی کو نشانے پر لیا تاکہ وفاق کمزور ہو، بظاہرلگ رہا ہےکہ شہبازشریف کی کامیابی کو نوازشریف اور مریم نواز ہضم نہیں کرپا رہے۔ انہوں نے عظمی بخاری کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی پی پی پی سیلاب متاثرین کی بات کرتی ہے، ن لیگ اسے پنجاب پر حملہ کیوں قرار دیتی ہے، عظمی بخاری تنخواہ حلال کرتے کرتے ماسی مصیبتے بن گئیں، پنجاب سیلاب میں ڈوبا ہوا ہے اور عظمی بخاری کو سندھ فوبیا ہوا ہے۔

سینیٹر قرۃ العین مری نے کہا کہ سندھ کیخلاف مسلم لیگ ن کا اعلان جنگ ایک خطرناک روایت ہے جس کے نتائج ملک کیلئے اچھے نہیں ہوں گے، صوبائیت پھیلا کر عظمی بخاری کی باس نے اپنی پارٹی کو لسانی پارٹی بنادیا، بظاہر لگ رہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز شہباز شریف کی کامیابی کو ہضم نہیں کرپارہے۔

(جاری ہے)

سینیٹر قرۃ العین مری نے کہا کہ شہباز شریف کی کامیابی سے خائف ہوکر مریم نواز نے پی پی پی کو نشانے پر لیا ہے تاکہ وفاق کمزور ہو، عظمی بخاری کبھی نواز شریف کو را کا ایجنٹ کہتی تھیں، مسلسل پارٹی بدلنے والے کسی کے وفادار نہیں ہوتے، جاتی امراء میں مودی کے ساتھ ملاقاتیں کرنے والے بلاول بھٹو کے خارجہ امور پر سوال اٹھاتے اچھے نہیں لگ رہے۔

مزید برآں وزیرِاطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب کے حق کی بات کرنا اور اس کا مقدمہ لڑنا ہماری ذمہ داری ہے، اور ہم یہ ذمہ داری پوری کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تمام اتحادی جماعتوں کا احترام اپنی جگہ، لیکن جیسی بات کی جائے گی، ویسا ہی جواب دیا جائے گا۔ عظمٰی بخاری نے بتایا کہ پنجاب کابینہ نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے دی ہے تاکہ عوام کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے پیپلز پارٹی سے مطالبہ کیا کہ وہ تین ہفتوں میں پنجاب کے معاملات پر کی گئی 34 پریس کانفرنسز کی وضاحت کرے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس عوامی خدمت کے بے شمار منصوبے ہیں، جو کچھ لوگوں کو برداشت نہیں ہو رہا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز بچوں کو لیپ ٹاپ دے رہی ہیں، بسیں چلا رہی ہیں اور فلاحی منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہیں — اور یہی بات کچھ لوگوں کو کھٹک رہی ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات