خواجہ عمران نذیر نے سرگودہا میں "پاکستان انکلوسو آئی ہیلتھ پراجیکٹ" کا افتتاح کردیا

منگل 7 اکتوبر 2025 22:10

خواجہ عمران نذیر نے سرگودہا میں "پاکستان انکلوسو آئی ہیلتھ پراجیکٹ" ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 اکتوبر2025ء) صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے عالمی یوم بصارت کے موقع پر ضلع سرگودہا میں "پاکستان انکلوسو آئی ہیلتھ پراجیکٹ" (PIEH) کا افتتاح کیا۔ اس منصوبے کا مقصد بنیادی سطح پر معیاری جامع اور مساوی آنکھوں کی دیکھ بھال کی سہولیات کی فراہمی ہے۔ یہ منصوبہ حکومت پنجاب، سائٹ سیورز، COAVS، CHIP اور LRBT کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے۔

ضلع سرگودہا میں 11 دیہی طبی مراکز، 9 ٹی ایچ کیوز اور ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ اسپتال میں آئی کلینکس کا عملی طور پر آغاز کر دیا گیا ہے، جہاں عوام کو مفت معائنہ، علاج اور ریفرل کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔ تقریب میں ڈاکٹر محمد معین (پرنسپل COAVS)، منزہ گلانی (ڈائریکٹر سائٹ سیورز)، پروفیسر اسد اسلم خان، اے ڈی سی ہیڈکوارٹر ماجد بن احمد، ڈائریکٹر ہیلتھ ڈاکٹر رانا محمد ریاض، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سارہ صفدر اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت و بہبود آبادی خواجہ عمران نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آنکھوں کی صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے اور یہ حکومت کی اولین ترجیح ہے کہ ہر فرد کو معیاری طبی سہولیات میسر ہوں۔ انہوں نے کہا کہ PIEH جیسے منصوبے حکومت پنجاب کے فلاحی ویڑن کا عملی نمونہ ہیں۔ وزیر صحت نے اعلان کیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی طرف سے اہلیان سرگودہا کو سٹیٹ آف دی آرٹ کارڈیالوجی اسپتال کا تحفہ دیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جس دن سے یہ اسپتال کام شروع کرے گا، لوگ اس کی مثالیں دیں گے۔ ابھی تو پارٹی شروع ہوئی ہے، بہت سے کام ابھی باقی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی خاص توجہ صحت پر مرکوز ہے اور حال ہی میں کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں محکمہ صحت کی 11 میگا اسکیموں کی منظوری دی گئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ اس سال پنجاب کو تاریخ کے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جو تین دریاوں میں بیک وقت آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب سروے مکمل ہونے کے بعد 17 اکتوبر سے چیک دینے کی ادائیگی کا آغاز کر رہی ہیں۔ مکمل تباہ شدہ گھر کے لیے 10 لاکھ روپے جزوی نقصان یا کچے گھر کے لیے 5 لاکھ روپے جبکہ ضائع ہونے والے مویشیوں کی مکمل قیمت ادا کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ پہلے کبھی کسی حکومت نے اتنی جامع اور فوری مدد نہیں کی۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر صرف 3 ارب ڈالر رہ گئے تھے، مگر اب یہ 21 ارب ڈالر تک پہنچ چکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سری لنکا بنتا کہنے والے آج خاموش ہیں۔ عوام نے مشکل وقت برداشت کیا، لیکن اب روشن دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کو سعودی عرب میں پرپل کارپٹ اور جہازوں کی سلامی ملی، جو پاکستان کی عالمی حیثیت میں بہتری کی علامت ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا دندان شکن جواب دیا۔

ہمارے شاہینوں نے بھارتی رافیل کی درگت بنائی، ان کا ایئر ڈیفنس سسٹم تباہ کیا اور دنیا کو دکھا دیا کہ پاکستان ناقابلِ تسخیر ہے۔ انہوں نے اپنے محکمہ صحت کے ملازمین کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے دوران ساڑھے گیارہ لاکھ افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں جن میں سے نصف کو کلینک آن ویل کے ذریعے علاج فراہم کیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پنجاب بھر میں 72 لاکھ بچیوں کو سرویکل ویکسین لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا،جس میں کچھ سازشی عناصر کی مداخلت کے باوجود حکومت پرعزم ہے۔

خواجہ عمران نذیر نے مخالفین کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ جب وزیراعلیٰ مریم نواز شریف چائنا گئیں تو کہا گیا سیر سپاٹے پر ہیں، مگر وہیں سے جو کینسر کی جدید مشین لائی گء وہ آج مریضوں کی زندگیاں بچا رہی ہے۔وزیر صحت نے کہا کہ یہ ملک ہم سب کا ہے۔ ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ ہر ملازم دلجمعی سے اپنا کام جاری رکھے، کسی کی نوکری خطرے میں نہیں۔ صحت کی سہولیات ہر شہری کی دہلیز تک پہنچائیں گے۔