خیبرپختونخوا کے ضلع سوات اور چترال میں 5.2 شدت کا زلزلہ

منگل 7 اکتوبر 2025 19:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 اکتوبر2025ء) خیبر پختونخوا کے ضلع چترال اور سوات میں 5.2 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔یاد رہے کہ پاکستان تین بڑی ارضیاتی پلیٹوں (عربین، یوریشیائی اور بھارتی)پر واقع ہے، مختلف فالٹ لائنز کی وجہ سے اس خطے میں ارضیاتی حرکات اکثر پیش آتی رہتی ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع چترال اور سوات میں آج 4 بج کر 36 منٹ پر زلزلہ آیا، جس کی گہرائی 138 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز افغانستان کا ہندوکش خطہ تھا۔

واضح رہے کہ چند روز قبل خیبر پختونخوا کے ضلع لوئر کوہستان کی تحصیل پٹن میں 4.3 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔اسی ماہ کے اوائل میں کراچی کے مختلف علاقوں میں 3.2 شدت کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن کا مرکز ملیر کے شمال مغرب میں 7 کلومیٹر کے فاصلے پر تھا۔

(جاری ہے)

ستمبر کے مہینے میں خیبر پختونخوا کے رہائشیوں نے متعدد بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے تھے، پہلی مرتبہ یکم ستمبر کو 6.0 شدت کا زلزلہ جنوب مشرقی افغانستان میں آیا تھا۔

چند روز بعد 5.9 شدت کے زلزلے نے خیبر پختونخوا کے کئی شہروں بشمول پشاور، مانسہرہ، ہنگو، ایبٹ آباد، سوات اور ملاکنڈ اور اسلام آباد اور راولپنڈی کو بھی ہلا دیا تھا۔26ستمبر کو افغانستان میں آنے والے 5.5 شدت کے زلزلے کے جھٹکے خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں، بشمول چترال، پشاور اور سوات میں محسوس کیے گئے تھے۔