یہ فارم47 کی پیداوار ناجائز حکومت ہے اس سے عوام کی جان چھڑوانا چاہتے ہیں

دیکھنا ہوگا کہ پیپلزپارٹی واقعی عدم اعتماد کیلئے سنجیدہ ہے یا صرف فرینڈلی فائر ہے، اگرعدم اعتماد لائی گئی تو پی ٹی آئی ساتھ دے گی۔ مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 7 اکتوبر 2025 20:19

یہ فارم47 کی پیداوار ناجائز حکومت ہے اس سے عوام کی جان چھڑوانا چاہتے ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔ 06 اکتوبر 2025ء ) مرکزی رہنماء پی ٹی آئی اسد قیصر نے کہا ہے کہ یہ فارم 47 کی پیداوار ناجائز حکومت ہے اس سے عوام کی جان چھڑوانا چاہتے ہیں، دیکھنا ہوگا کہ پیپلزپارٹی واقعی عدم اعتماد کیلئے سنجیدہ ہے یا صرف فرینڈلی فائر ہے۔ ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ پیپلز پارٹی نے اجلاس سے واک آؤٹ کیا اور اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔

میں نے اس لیے عدم اعتماد کی بات کی کہ اگر وہ سنجیدہ ہیں تو معلوم ہو جائے گا کہ وہ واقعی عدم اعتماد لا سکتے ہیں یا یہ صرف "فرینڈلی فائر" ہے۔ اگر عدم اعتماد لایا گیا تو پاکستان تحریک انصاف اس کا ساتھ دے گی۔ ہم اس ناجائز حکومت جو فارم 47 کی پیداوار ہے سے عوام کی جان چھڑوانا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم سمجھتے ہیں کہ جب تک یہ حکومت قائم رہے گی، پاکستان میں انسانی حقوق محفوظ نہیں ہیں اور نہ ہی قانون و عدلیہ محفوظ ہیں۔

اس لیے ضروری ہے کہ ملک میں ایک مضبوط جمہوری نظام قائم کیا جائے تاکہ جمہوریت پھلے پھولے، قانون کی حکمرانی ہو اور آئین کی بالادستی برقرار رہے۔ مزید برآں سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ چھبیسویں آئینی ترمیم نے جو پاکستان کے عدالتی نظام کو نقصان پہنچایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی- ماضی میں مارشل لاء کے ادوار میں پی سی او کے تحت ججوں کو نکالا جاتا رہا اور مرضی کے جج تعینات ہوتے رہے  لیکن تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا کہ بظاہر غیرعسکری نظام میں پوری عدلیہ کا ڈھانچہ تبدیل کرکے رکھ دیا جائے ۔

26ویں آئینی ترمیم شروع دن سے پاکستان کی عدلیہ کے خلاف ایک منصوبہ تھا ۔قوم نے دیکھا کس طرح اسلام آباد ہائیکورٹ پر حملہ ہوا وہاں ایک نیا نظام رائج کیا گیا،جس کے خلاف پانچ جج صاحبان کھڑے ہوئے کس طرح جہانگیری صاحب کی ڈگری پر حملہ کیا گیا کیونکہ وہ جبر کے ضابطے ماننے کو تیار نہیں تھے۔