Live Updates

حالیہ مہینوں میں پاکستان میں سرحد پار دہشتگرد حملوں میں اضافہ ہوا ‘ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے گروہ ملوث ہیں، محمد صادق

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:20

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) افغانستان کے لیے پاکستان کے نمائندہ خصوصی محمد صادق نے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان میں سرحد پار دہشتگرد حملوں میں اضافہ ہوا ہے ، جن کے پیچھے ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے گروہ ملوث ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان ان گروہوں کے خلاف موثر کارروائیاں عمل میں لائے گا ۔

ماسکو فارمیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افغانستان میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے اصولی مؤقف اور علاقائی تعاون کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے روسی حکومت اور وزیر خارجہ کا اجلاس کے انعقاد پر شکریہ ادا کرتے ہوئے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کی شرکت کو بھی سراہا۔محمد صادق نے کہا کہ ماسکو فارمیٹ افغانستان میں پائیدار امن کے فروغ کے لیے ایک کلیدی علاقائی پلیٹ فارم بن چکا ہے، اور ہمیں یقین ہے کہ آج کا اجلاس ہمارے مشترکہ مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے افغانستان کی اس فورم میں بطور مکمل رکن شمولیت کو اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے فارمیٹ کی مؤثریت میں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے جہاں اسے معاشی پابندیوں، بینکاری نظام کی ناکامی، بے روزگاری، غربت اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے شدید انسانی بحران کا سامنا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ سیاسی مصلحتوں سے بالاتر ہوکر افغان عوام کی انسانی ضروریات کی تکمیل اور معیشت کی بحالی کے لیے فنڈنگ اور تعاون جاری رکھیں۔

محمد صادق نے کہا کہ اس وقت مشترکہ علاقائی اقدامات ناگزیر ہیں۔ ہمیں افغانستان کی معاشی بقا، روزگار کے مواقع اور بین الاقوامی تجارت کو فروغ دینے کے لیے متفقہ کوششیں کرنی ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سربراہی میں انسداد منشیات کی کارروائی اور افغان کسانوں کو متبادل روزگار کی فراہمی ضروری ہے۔انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں سرگرم دہشتگرد گروہوں جیسے **داعش، القاعدہ، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل ای)، مجید بریگیڈ اور ای ٹی آئی ایم کے خلاف مؤثر کارروائی ناگزیر ہے۔

محمد صادق نے خبردار کیا کہ حالیہ مہینوں میں پاکستان نے سرحد پار دہشتگرد حملوں میں اضافہ دیکھا ہے، جن کے پیچھے ٹی ٹی پی، بی ایل اے اور مجید بریگیڈ جیسے گروہ ملوث ہیں۔ ہم امید کرتے ہیں کہ افغانستان ان گروہوں کے خلاف کھل کر موقف اختیار کرے، ان کی مذمت کرے اور قابلِ تصدیق کارروائی عمل میں لائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان کے ساتھ دوطرفہ اور سہ فریقی تعاون کو فروغ دیا ہے، جن میں چین اور ازبکستان جیسے اہم شراکت دار بھی شامل ہیں۔

ازبکستان-افغانستان-پاکستان ریلوے منصوبے کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈی، اور پاکستان-چین-افغانستان سہ فریقی اجلاس اس کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ افغانستان میں امن و ترقی کا حامی رہا ہے، اور علاقائی اتفاقِ رائے کے ذریعے ایک پرامن اور مستحکم مستقبل کے لیے پٴْرعزم ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات