)افغان کڈوال عوام کو صرف تین دن کے اندر صوبہ بدر ہونے کا حکم دیناسراسر ظلم، ناانصافی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے،پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:30

Yکوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اکتوبر2025ء) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اپنے جاری کردہ ایک سخت موقف پر مبنی پریس ریلیز میں نام نہاد اور مسلط کردہ صوبائی حکومت اور ان کے ادروں بالخصوص انتظامیہ ،اسسٹنٹ کمشنر سریاب کوئٹہ اور صوبہ بھر کے دیگر انتظامی افسران کے جاری کردہ اس حکم نامے کو انسانیت سوز، غیر آئینی اور غیر انسانی قرار دیتے ہوئے اس کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔

بیان میں کہا کہ گزشتہ روز جاری ہونے والے صوبے کے انتظامیہ آفیسران حکم نامے کے تحت افغان کڈوال عوام کو اپنی دکانیں، کاروبار اور سالہا سال کی محنت سے حاصل کی گئی جائیدادیں چھوڑ کر صرف تین دن کے اندر صوبہ بدر ہونے کا حکم دیا گیا، جو کہ سراسر ظلم، ناانصافی اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا کہ پولیس، لیویز اور انتظامیہ کی جانب سے افغان کڈوال عوام کی بے دخلی، جائیدادوں پر قبضے، اور گرفتار شدگان سے رشوت خوری جیسے اقدامات انتہائی شرمناک اور ناقابلِ برداشت ہیں۔

یہ طرزِ عمل انسانی وقار، قانون، اور بین الاقوامی انسانی اصولوں کے سراسر منافی ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ افغان کڈوال عوام گزشتہ نصف صدی سے صوبے اور ملک کی ترقی، تجارت، اور معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں ہزاروں افغان تاجر، مزدور، کاریگر، اور سرمایہ کار روزانہ کی بنیاد پر کروڑوں روپے کا کاروبار کر کے ملکی معیشت کو سہارا دے رہے ہیں۔

ان کی خدمات کو فراموش کرنا تاریخ اور حقیقت سے انکار کے مترادف ہے۔پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے اقوامِ متحدہ، یو این ایچ سی آر (UNHCR)، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور دیگر عالمی انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ حکومتِ پاکستان پر زور دیں کہ وہ سہ فریقی معاہدے (پاکستان، افغانستان، UNHCR) پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنائے، افغان کڈوال عوام کو 1951 سیٹیزن ایکٹ کے سب سیکشن 9 کے تحت جو بچے اس ملک میں پیدہ ہوے ہیں وہ اس ملک کے شہریت دے، اور ان کے ساتھ انسانی اور قانونی بنیادوں پر برتا کرے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی نے ماضی میں بھی افغان کڈوال عوام کے حقوق کے لیے احتجاجی مظاہرے، جلسے، اور آواز بلند کی ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد مزید شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔ پارٹی نے اعلان کیا کہ وہ اپنے مظلوم افغان کڈوال بھائیوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور تمام جمہوریت پسند سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کے کارکنوں، سول سوسائٹی اور باشعور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ظلم اور ناانصافی کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کریں، انسانیت دشمن فیصلوں کو مسترد کریں اور افغان کڈوال عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

بیان کے اخیر میں کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کسی بھی ایسے اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی جو انسانی ہمدردی، انصاف اور آئینی اصولوں کے خلاف ہو، اور اگر ایسے جابرانہ فیصلے واپس نہ لیے گئے تو پارٹی صوبہ گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے پر غور کرے گی۔