حماس اسرائیل امن معاہدے میں بطور گرنٹر چائنہ اور روس کو شامل کیا جائے ‘ اختر اقبال ڈار

ٹرمپ اور نیتن یاہو پر کسی قسم کا اعتبار نہیں کیا جاسکتا‘چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نظریاتی

بدھ 8 اکتوبر 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ حماس اسرائیل امن معاہدے میں بطور گرنٹر چائنہ اور روس کو شامل کیا جائے کیونکہ ٹرمپ اور نیتن یاہو پر کسی قسم کا اعتبار نہیں کیا جاسکتا ،ٹرمپ نے پہلے بھی مذاکرات کی آڑ میں اسرائیل سے ایران اور قطر پر حملے کروائے تھے اس لئے اس معاہدے میں غیر جانبدار طاقتوں کو شامل کرکے ہی معاہدے پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جاسکتا ہے ۔

اختر ڈار نے کہاکہ پوری دنیا فلسطینیوں پر ہونے والے ظلم و ستم نسل کشی قتل و غارت پر سراپا احتجاج ہے جبکہ مسلم ممالک صرف مذمت اور ظالموں سے جنگ بندی کے مطالبے سے آگے نہیں بڑھ سکے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ٹرمپ کے 21نکات کے جواب میں حماس کے 6جائز مطالبات قابل عمل ہیں جن میں مستقل جنگ بندی اسرائیلی فوج کا غزہ سے مکمل انخلا مقامی ماہرین کی زیر نگرانی فلسطین کی تعمیر ونو بے گھر فلسطینیوں کی واپسی فلسطینیوں کیلئے امداد غزا ادویات اور دیگر ضروریات زندگی کی فراہمی میں رکاوٹوں کا خاتمہ وغیرہ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ 7اکتوبر کو اسرائیل کی طرف سے فلسطینیوں کے قتل و غارت ظلم و بربریت اور نسل کشی کو 2سال مکمل ہو چکے ہیں اس عرصہ میں مسلم ممالک کے حکمرانوں کی طرف سے عملی اقدامات نہ ہونا معنی خیز ہے۔