ضلع اورکزئی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نماز جنازہ ادا کردی گئی

بدھ 8 اکتوبر 2025 20:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) ضلع اورکزئی میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق اور میجر طیب راحت کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

(جاری ہے)

بدھ کو پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )سے جاری بیان کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل جنید طارق (عمر: 39 سال، ساکن ڈسٹرکٹ راولپنڈی) اور میجر طیب راحت (عمر: 33 سال، ڈسٹرکٹ راولپنڈی) کی نماز جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کردی گئی ہے یہ ان 11 بہادر جوانوں میں شامل تھے جنہوں نے ضلع اورکزئی میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر بھارتی حمایت یافتہ خوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف، چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء، فوجی و سول افسران اور عوام نے نماز جنازہ میں شرکت کی۔وزیراعظم نے سانحہ اورکزئی کے 11 شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کی اس لعنت کے خلاف پرعزم اور ثابت قدم ہے اور شہداء کی لازوال قربانیاں ہر قیمت پر مادر وطن کے دفاع کے لیے قوم کے غیر متزلزل عزم کی یاددہانی کرتی ہیں۔شہداء کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپرد خاک کیا جائے گا۔