وزیر اعظم کی سعو دی وفد کی ملاقات ،پاکستان و سعودی عرب کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر اتفاق

پاکستان سعودی عرب کے ساتھ حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، وزیراعظم کی بات چیت یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین موجود اقتصادی، تزویراتی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا، شہبازشریف کی سعودی وفد سے گفتگو

بدھ 8 اکتوبر 2025 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اکتوبر2025ء) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین موجود اقتصادی، تزویراتی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی شوری کونسل کے چیئرمین ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔

ملاقات میں نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔وزیرِ اعظم نے وفد کے دورہ پاکستان کا خیر مقدم کیا اور ڈاکٹر عبداللہ بن محمد بن ابراہیم الشیخ سے ملاقات کو ریاض و جدہ میں ان سے کی گئی اپنی گزشتہ ملاقاتوں کی طرح خوشگوار قرار دیا۔

(جاری ہے)

دوران ملاقات وزیر اعظم نے سعودی فرمانروا، خادم الحرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آلسعود کیلئے نیک خواہشات کا پیغام دیا اور ان کی صحت و تندرستی کیلئے دعا کی۔اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے سعودی عرب کی ترقی کا ویژن قابل تعریف ہے، ان کی قیادت میں سعودی عرب نے ہر شعبے میں کمال ترقی کی مثال قائم کی ہے، جو دنیا کے باقی ممالک کیلئے ایک قابل تقلید مثال ہے، اقتصادی اور سماجی شعبے کی ترقی اور خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے مثالی اقدامات کئے گئے ہیں.وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، یہ معاہدہ دونوں ممالک کے مابین موجود اقتصادی، تزویراتی، دفاعی اور تجارتی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔

اس موقع پر سعودی شوری کے چیئرمین نے پاکستان آمد پر شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا، انہوں نے پاکستان و سعودی عرب کے مابین حالیہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو انتہائی اہم قرار دیا اور کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے عوام کے مابین دیرینہ برادرانہ تعلقات کی عکاسی ہے، انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پارلیمانی تعلقات کی مزید مضبوطی کی اہمیت پر زور دیا۔دونوں رہنمائوں نے پاکستان و سعودی عرب کے درمیان پارلیمانی وفود کے تبادلوں کے فروغ پر اتفاق کیا۔