بھارت کو ایک اور دھچکا ، برطانوی وزیراعظم کا ویزا قوانین میں نرمی سے انکار

بدھ 8 اکتوبر 2025 23:00

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اکتوبر2025ء) بھارت کو عالمی سطح پر ایک اور سبکی کا سامنا ہے جب برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے بھارت کے لیے ویزا قوانین میں نرمی سے انکار کر دیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق برطانوی وزیراعظم سر کیئر اسٹامر 2روزہ دورے پر بھارت پہنچے ہیں۔مہاراشٹر ا کے گورنر اور وزیراعلیٰ ا نے ان کا استقبال کیا۔

کیئر اسٹارمر کا ویزا پالیسی کے حوالہ سے صحافیوں کے سوالات پرکہنا تھا کہ برطانیہ بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے کی طرف نہیں بڑھے گا اور موجودہ قوانین لاگو رہیں گے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق کیئر اسٹارمر نے کہا کہ ویزوں کا معاملہ اس منصوبے کا حصہ نہیں اور ہم پہلے سے طے شدہ تجارتی معاہدے پر بات کرنے کیلئے آئے ہیں۔بھارت روانگی کے وقت ویزوں کے بارے میں سوال پر انہوں نے صحافیوں کو بتایا، "یہ معاملہ منصوبوں کا حصہ نہیں ہے۔

(جاری ہے)

یہ دورہ "آزاد تجارتی معاہدے سے استفادہ کرنے کے لیے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے ہیں۔ برطانوی وزیراعظم نے کہا کہ ویزوں کی وجہ سے تجارتی معاہدہ طے ہونے کی سابقہ کوششیں رک گئی تھیں اور وہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کرتے وقت اس معاملہ پر دوبارہ بات نہیں کرنا چاہتے کیونکہ دونوں ممالک میں ایک معاہدہ پہلے ہی طے ہو چکا ہے جس میں ویزے کے کوئی مضمرات نہیں ہیں۔کیئر اسٹارمر نے مزیدکہاکہ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ایچ ون-بی ویزوں پر فیسوں میں اضافے کے بعد بھارت سے ٹیک شعبے کے پروفیشنلز کو راغب کرنے کے لئے ویزوں کا معاملہ مذاکرات میں شامل نہیں ہو گا ۔