صدر آصف زرداری مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں‘ سردار سلیم حیدر

جمہوریت ،ملکی ترقی کی خاطر تنقید کرنے والوں کے ساتھ ہمیشہ مفاہمت کا راستہ اپنایا ‘ گورنر پنجاب

جمعہ 10 اکتوبر 2025 22:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 اکتوبر2025ء) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ صوبائی محتسب کا درخواستوں کو مختصر دورانیے میں نمٹانا اور لوگوں کو فوری انصاف کی فراہمی میں کردار اہم ہے،صوبائی محتسب کا ادارہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سائلین کی دادرسی کررہا ہے،پیپلز پارٹی نے ہمیشہ ملکی ترقی اور جمہوریت کے استحکام کے لئے ہر قسم کی قربانی دی۔

پیپلز پارٹی تمام صوبوں کو برابری کی سطح پر دیکھتی ہے،پنجاب، سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختونخواہ تمام صوبے پاکستان کی اکائیاں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے صدر مملکت کے قانونی مشیر جسٹس (ر) عرفان قادرسے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں ان سے ملاقات کی۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک میں وفاقی اور صوبائی محتسب کے ادارے غریب عوام کو انصاف کی فراہمی میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ محتسب پنجاب کا ادارہ لوگوں کو سستے اور فوری انصاف مہیاکرنے کا آسان اور موثر ترین ذریعہ ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ صوبائی محتسب کا ادارہ روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں سائلین کی دادرسی کررہا ہے۔اُنہوںنے کہا کہ صوبائی محتسب کے ادارے کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن اور اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لئے موبائل ایپ جیسے اقدامات قابل تعریف ہیں۔

گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے دور حکومت میں کسی صوبے کو نظر انداز نہیں کیا ۔اُنہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری مفاہمت کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے جمہوریت اور ملکی ترقی کی خاطر تنقید کرنے والوں کے ساتھ ہمیشہ مفاہمت کا راستہ اپنایا تاکہ ملکی ترقی کا سفر جاری رہ سکے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام صوبوں کو برابری کی سطح پر دیکھتی ہے۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب، سندھ ،بلوچستان ، خیبر پختون خواہ تمام صوبے پاکستان کی اکائیاں ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی ، خوشحالی اور استحکام کے لئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہے ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی اور ن لیگ اتحادی جماعتیں ضرور ہیں مگرہم اپنے جیالوں کے جذبات کو مجروح نہیں ہونے دیں گے۔