Live Updates

افغان فورسز کی پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال کارروائی کی پرزور مذمت کرتے ہیں، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان

اتوار 12 اکتوبر 2025 19:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 اکتوبر2025ء) وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر اختیار ولی خان نے افغان فورسز کی پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال کارروائی کی پر زور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور اسلام کے ازلی دشمن بھارت کے ساتھ ملکر پاکستان پر حملہ نمک حرامی ہے۔

(جاری ہے)

اتوار کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ افعانستان کے ساتھ پیار و محبت کا رشتہ بنانے کو ترجیح دی ہے، کئی دہائیوں سے افغان مہاجرین کو سینے سے لگائے رکھا تاہم بدلے میں افغانستان نے پاکستان کے اندر پراکسی وار شروع کر رکھی ہے۔

اختیار ولی خان نے کہا کہ بھرپور جوابی کارروائی پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستانی قوم اپنے افواج کے ساتھ ڈٹ کر کھڑی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے گٹھ جوڑ کو دنیا کے سامنے بےنقاب کیا جائے گا، پاکستان کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب پاک فوج کو خوب آتا ہے۔ پاکستان کی سالمیت کےلیے پاک فوج، سیاسی قیادت اور عوام متحد ہیں۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات