Live Updates

پاکستان کے راستے ٹریڈ بند ہونے سے افغانستان چاردن بھی نہیں چل سکتا، زبیرطفیل

پیر 13 اکتوبر 2025 20:21

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 اکتوبر2025ء) پاکستان کے خلاف افغانستان کی جانب سے جارحیت کے بعد یونائٹیڈ بزنس گروپ(یو بی جی)نے پاک فوج سے یکجہتی کا اظہار کردیا ۔اس حوالے سے یونائٹیڈ بزنس گروپ کے صدر زبیرطفیل نے کہا کہ بھارت اپنے ناپاک عزائم کو پورا کرنے کیلئے پاکستان کے خلاف افغانستان کی زمین کو استعمال کررہا ہے،فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں نے دو مسلم مممالک کو آپس میں لڑوا دیا، بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے اور وہ اب پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کو استعمال کررہا ہے لیکن بھارت اور ان کے حواریوں کو ایک بار پھر شکست ہوگی۔

زبیرطفیل نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تاجرباہمی تجارت کے حامی ہیں اور جبکہ افغان عوام پاکستان کے ساتھ جنگ کے مخالف ہیں کیونکہ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ اس دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے۔

(جاری ہے)

زبیرطفیل نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ بھارت خطے میں دہشت گردی کا سب سے بڑا سہولت کار ہے، افغان سرزمین کے دہشت گردی کیلئے استعمال کو برداشت نہیں کیا جائیگا، ریاست اور عوام افغانستان سے اٹھنے والی دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاک افواج کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان کو یہ یاد رکھناچاہئے کہ پاکستان اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دے چکا ہے، اگر پاکستان کے راستے جو افغانستان میں ٹریڈ کی جاتی ہے وہ بند کر دی جائے تو چار دن بھی افغانستان نہیں چل سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے قومی مفادات، علاقائی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کیلئے پرعزم ہے، طالبان حکومت کو چاہیئے کہ وہ اپنی سرزمین سے آپریٹ کرنے والے دہشت گرد گروہوں، بالخصوص فتنہ الخوارج، فتنہ الہندوستان اور آئی ایس کے پی و داعش کے خلاف فوری اور قابل تصدیق اقدامات کرے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات