رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ کی سوات کے علاقے مٹہ میں انسدادِ پولیو ٹیم پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت

منگل 14 اکتوبر 2025 16:55

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اکتوبر2025ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)بلوچستان کے جنرل سیکرٹری و رکنِ قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ نے سوات کے علاقے مٹہ میں انسدادِ پولیو ٹیم پر دہشت گرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک یہ قومی مہم بھرپور انداز میں جاری رہنی چاہیے، وزیرِاعظم شہباز شریف کی قیادت میں حکومت ملک سے اس موذی مرض کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، پولیو ٹیموں پر حملے دراصل پاکستان کے مستقبل پر حملے کے مترادف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ جمال شاہ کاکڑ نے شہید لیویز اہلکار عبد الکبیر کی قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انسدادِ پولیو مہم سے وابستہ تمام اہلکار قوم کے ہیرو ہیں جو بچوں کے صحت مند مستقبل کے لیے اپنی جانوں کی قربانیاں دے رہے ہیں، دہشت گردی کی اس بزدلانہ کارروائی سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی نے بلوچستان کے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے لازمی پلوائیں اور انسدادِ پولیو ٹیموں کے ساتھ ہر ممکن تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کا خاتمہ ہم سب کی اجتماعی ذمہ داری ہے اور یہ ہماری قومی ترجیحات میں شامل ہونا چاہیے تاکہ آئندہ نسلوں کو معذوری سے محفوظ رکھا جا سکے۔انہوں نے حکومتِ بلوچستان، محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ پولیو ورکرز کی سکیورٹی مزید مضبوط بنائیں اور مہم کو ہر قیمت پر کامیاب بنائیں تاکہ صوبے کو جلد از جلد پولیو فری قرار دیا جا سکے۔