کشمیری اپنی تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کےلئے پرعزم ہیں، چیئرمین کشمیر کونسل یورپ

بدھ 15 اکتوبر 2025 14:48

سیئول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2025ء) کشمیر کونسل یورپ (کے سی ای یو) کے چیئرمین علی رضا سید نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے ان خیالات کا اظہار جنوبی کوریا کے شہر سیئول میں ’’یوم سیاہ: انصاف و آزادی کیلئے کشمیر کی پکار “ کے عنوان سے منعقدہ ایک بین الاقوامی سیمینار سے خطاب میں کیا۔

سیمینار کا انعقاد انٹرنیشنل انٹر چینج ڈویلپمنٹ ایسوسی ایشن (آئی آئی ڈی اے) نے کیا تھا۔سیمینار میں انسانی حقوق کے علمبرداروں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مقررین نے بھارت کے غیر قانونی زیرتسلط جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔

(جاری ہے)

علی رضا سید نے کہا کہ بھارت نے5 اگست 2019 کو جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت غیر قانونی اور یک طرفہ طور پر منسوخ کر کے اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی کی۔

انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر اس وقت دنیا کا سب سے زیادہ فوجی تعیناتی والا خطہ ہے کیونکہ بھارت نے علاقے پر اپنے غیر قانونی تسلط کو برقرار رکھنے کیلئے وہاں دس لاکھ کے قریب فورسز اہلکار تعینات رکھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیر میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے مذموم منصوبے پر بھی عمل پیرا ہے۔علی رضا سید نے محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، خرم پرویز، اور صحافی سجاد گل کی حالت زار پر روشنی ڈالی جنہیں بھارت نے جھوٹے الزامات میں قید کررکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی جبر کے باوجود کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنی تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔سیمینار سے دیگر مقررین نے خطاب میں بھارتی فورسز کی طرف سے جموں وکشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کو علاقے میں انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر جواب دہ ٹھہرائے۔