Live Updates

افغان طالبان حکومت کشیدگی ختم کرے، لیاقت بلوچ

افغانستان کیلئے امن، استحکام اور مضبوط نظریاتی اور سفارتی تعلقات ہی خیر کا راستہ ہے

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:48

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) نائب امیر جماعتِ اسلامی پاکستان سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ افغان طالبان حکومت کشیدگی ختم کرے، امریکہ و انڈیا کے لیے پاک افغان کشیدگی فائدہ مند اور خطہ کے دیگر تمام ممالک اور دونوں برادر ہمسایہ اسلامی ممالک کے عوام کے لیے بڑی نقصان دہ اور تباہ کن ہے۔ پاکستان کو دہشت گردی اور جارحیت کے مقابلہ میں قومی سلامتی کے دفاع کا مکمل حق حاصل ہے، پاکستان اور افغانستان کے لیے امن، استحکام اور مضبوط نظریاتی اور سفارتی تعلقات ہی خیر کا راستہ ہے۔

دو مسلم ہمسایہ ملکوں کے درمیان کشیدگی عالمی مفاد پرست، انسانیت دشمن قوتوں کے لیے سہولت کاری ہے۔ سیزفائر ہی نہیں دونوں ملکوں کی قیادت کو آگے بڑھ کر مکمل امن اور مسائل کا مستقل پائیدار حل نکالنا ہوگا، تاکہ دشمن قوتوں کے پاک افغان کشیدگی کو باقاعدہ جنگ میں تبدیل کرنے کے مکروہ عزائم ناکام ہوں۔

(جاری ہے)

طالبان حکومت اِس امر کو تسلیم کرے کہ اس کے ایران، چین، ازبکستان، ترکمانستان کیساتھ بارڈرز پر مکمل امن ہے لیکن پاک افغان سرحد پر افغان سائیڈ سے مسلسل دراندازی اور دہشت گردی کا سلسلہ جاری ہے، اِسے نظرانداز نہیں کیا جاسکتا۔

پاکستان اور افغانستان کے جید علما، سینئر سفارت کار، بزنس کمیونٹی کے سرکردہ رہنما پاک افغان کشیدگی کے مستقل خاتمے کیلیے اپنی مشترکہ کوششوں کے ذریعے امن و استحکام اور تعلقات میں بہتری لانے کا مقدس فریضہ ادا کریں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی نے خود ہی رجیم چینج کرلی اور تبدیلی بھی آگئی۔ خیبرپختونخوا کے عوام گڈگورننس چاہتے ہیں، خیبرپختونخوا کو مسلم لیگ ن، پی پی حکومتوں کے مقابلہ میں گڈگورننس کی روشن مثال بنایا جائے، عملا اِس وقت صوبہ ہر اعتبار سے بڑی خرابیوں کا شکار ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات