Live Updates

وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری انوارالحق نے افغان وزیر خارجہ کی مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ہمنوائی کو مسترد کر دیا

جمعرات 16 اکتوبر 2025 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اکتوبر2025ء) آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم چوہدری انوارالحق نے افغانستان کے وزیر خارجہ کی جانب سے دہلی میں بیٹھ کر مسئلہ کشمیر پر بھارت کی ہمنوائی کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ میں ایک حل طلب تنازعہ ہے،بھارت جموں و کشمیر پر اپنے جھوٹے بیانیہ کی ترویج میں سرگرم عمل ہے۔

پی آئی ڈی آزادکشمیر کیمپ آفس سے جاری بیان میں چوہدری انوارالحق نے کہا کہ دنیا کشمیر پر بھارت کے جھوٹ کو تسلیم نہیں کرتی،افغانستان کے وزیر خارجہ تاریخ سے نابلد ہیں اور وہ حقائق سے آنکھیں چرا رہے ہیں۔چوہدری انوارالحق نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر پر فوجی قبضہ کر رکھا ہے،کشمیری عوام بھارت کے فوجی قبضے کو تسلیم نہیں کرتے۔

(جاری ہے)

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیری عوام ہر عالمی فورم پر بھارت کے فوجی قبضے کے خلاف سرگرم عمل رہتے ہیں،کشمیری عوام نے قیام پاکستان سے قبل ہی 19 جولائی 1947 کو خود کو الحاق پاکستان کی قرارداد کی روشنی میں پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا۔

چوہدری انوارالحق نے کہا کہ کشمیری عوام اپنی منزل حاصل کرنے کیلئے مسلسل جان و مال کی قربانیاں دے رہے ہیں،اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا حق خودارادیت ملنا ہے۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات