Live Updates

برادر مسلم ممالک پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی پر تشویش ہے، ایران

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:26

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) ایران نے افغانستان کی طالبان حکومت اور پاکستان کے درمیان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تناو کے فوری خاتمے پر زور دیا ہے۔ایرانی میڈیا کے مطابق صدر مسعود پزشکیان نے دو برادر اسلامی ممالک پاکستان اور افغانستان کی سرحد پر حالیہ تناو اور کشیدگی کو خطے کے امن اور استحکام کے لیے خطرہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے اسلامی ممالک کے درمیان مشترکہ تہذیبی و مذہبی رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے زور دیا کہ اس خطے کی اقوام خصوصا وہ جو مشترکہ تاریخ، ثقافت اور ایمان رکھتی ہیں، انہیں باہمی اتحاد اور سمجھ بوجھ کے ساتھ مسائل حل کرنے چاہئیں۔ایرانی صدر نے طالبان اور پاکستان دونوں سے تحمل اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت خطے کو پہلے سے کہیں زیادہ سکون، ہم آہنگی اور تعاون کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ افغان طالبان اور ان کے حمایت یافتہ انتہا پسندوں نے سرحد پار دہشت گردی کی کوشش کی جسے پاک فوج نے نہ صرف ناکام بنایا بلکہ دشمن نیست و نابود بھی کردیا۔خیال رہے کہ مغربی سرحد پر افغان طالبان کی جانب سے جارحیت پر وزیراعظم شہباز شریف نے آج اعلی سطح اجلاس طلب کرلیا جس میں اہم فیصلے متوقع ہیں۔
Live پاک افغان کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات