ملک کا سیاسی بحران مذاکرات سے ہی ختم ہوگا، اسد عمر

پی ٹی آئی اور عمران خان کو دیوار سے لگا کر حکومت صرف ایک بڑے احتجاج کا راستہ چھوڑ رہے ہیں؛ سابق وفاقی وزیر کا بیان

Sajid Ali ساجد علی اتوار 2 نومبر 2025 14:27

ملک کا سیاسی بحران مذاکرات سے ہی ختم ہوگا، اسد عمر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 نومبر2025ء) سابق وفاقی وزیر اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک کا سیاسی بحران مذاکرات سے ہی ختم ہوگا۔ اس حوالے سے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سیاسی بحران مذاکرات سے ختم ہوگا لیکن حکومت تحریک انصاف اور عمران خان کو دیوار سے لگا کر ان کے لیے صرف ایک بڑے احتجاج کا راستہ چھوڑ رہی ہے اور ایک دفعہ جب احتجاج کی کال آ گئی تو پھر مذاکرات سیاسی حل نہیں بلکہ ٹرک کی بتی نظر آئیں گے پھر جو بھی ہوگا اس کی ذمہ داری حکومت کی ہوگی۔

بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے سابقہ رہنماؤں نے عمران خان کی رہائی کیلئے تحریک چلانے کا اعلان کردیا، پی ٹی آئی کے سابق رہنماؤں نے پارٹی کے بانی چیئرمین عمران خان کی رہائی کے لیے سیاسی جماعتوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس حوالے سے رابطہ کاری مشن میں فواد چوہدری، عمران اسماعیل، علی زیدی، محمود مولوی، سبطین خان اور دیگر رہنماء شامل ہیں، اس کی تصدیق کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے بتایا کہ ہم نے سوچا کوشش کریں کہ عمران خان باہر آسکیں اور یہ ٹمپریچرنیچے لاکر ہوگا، اس کے لیے پی ٹی آئی کےاصل لوگ جو جیل میں ہیں وہ کرسکتے ہیں اور وہ بھی یہی چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ن کے اہم وزراء سےملاقاتیں کی ہیں جو بات کرنا چاہتے ہیں، ہم نے اسٹیبلشمنٹ اور حکومت کو کہا اگر پی ٹی آئی کو انگیج نہی کریں گے تو ٹکراؤ کے سوا کیارہ جائےگا؟ شاہ محمود قریشی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور وہ وہی کریں گے جو عمران خان کا فیصلہ ہوگا، شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ بھی یہی چاہتے ہیں کہ درجہ حرارت نیچے آئے اور بات چیت شروع ہو ، ہمیں ہرطرف سےسپورٹ مل رہی ہے اور ہر طرف سے سپورٹ کےبغیر تویہ ممکن بھی نہیں، میں100 فیصد پی ٹی آئی میں ہوں، اگر نہ ہوتا تو اس وقت وزیر ہوتا اور جو اب پارٹی چلانے والے ہیں ان کی تو دہاڑیاں لگی ہوئی ہیں یہ جو قبرستانوں کے لیڈر بننا چاہتے ہیں، یہ عمران خان کی رہائی نہیں چاہتے۔