اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے عالمی سطح پر 3 سٹار رینکنگ حاصل کرلی

سکائی ٹریک رینکنگ کمپنی نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو 3 اسٹار ایئر پورٹ قرار دے دیا

Sajid Ali ساجد علی پیر 22 دسمبر 2025 11:57

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے عالمی سطح پر 3 سٹار رینکنگ حاصل کرلی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 دسمبر2025ء) وفاقی دارالحکومت میں واقع اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے عالمی اعزاز حاصل کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ نے عالمی سطح پر 3 سٹار رینکنگ حاصل کی ہے، اس حوالے سے سکائی ٹریک رینکنگ کمپنی کی جانب سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئر پورٹ کو 3 سٹار ایئر پورٹ قرار دے دیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مصروف ترین دبئی کے بین الاقوامی ایئرپورٹ کی رینکنگ کو بھی 3 سٹار قرار دیا گیا ہے جب کہ اس ضمن میں ایوی ایشن ماہرین کہتے ہیں کہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اگر کیفے، ریسٹورنٹ اور ڈیوٹی فری شاپس کا آغاز کیا جائے تو اس کی مدد سے ایئر پورٹ رینکنگ مزید بہتر ہو سکتی ہے۔ بتایا جارہا ہے کہ اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ دار الحکومت اسلام آباد اور راولپنڈی کے شہریوں کی خدمت کرنے والا بین الاقوامی ہوائی اڈا ہے، یہ ہوائی اڈا شہر سے 25 کلومیٹر جنوب مغرب میں واقع ہے اور سری نگر ہائی وے کے ذریعے اس تک رسائی حاصل کی جاتی ہے، اس ہوائی اڈے نے 6 مئی 2018ء میں مکمل طور پر کام شروع کیا جس نے بینظیر بھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے کی جگہ لے لی، جو اب پی اے ایف بیس نور خان کا حصہ ہے۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ اسلام آباد انٹر نیشنل ایئرپورٹ رقبہ اور مسافروں کی گنجائش کے لحاظ سے پاکستان کا سب سے بڑا کارگو ہوائی اڈا ہے، جو سالانہ 9 ملین مسافروں کی خدمت کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، مستقبل میں مزید توسیع سے اسے سالانہ 25 ملین مسافروں کی خدمت کرنے کا موقع ملے گا، یہ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کے بعد مسافروں کی آمدورفت کے لحاظ سے پاکستان کا دوسرا مصروف ترین ایئرپورٹ ہے۔