عازمین حج اللہ تعالیٰ کے خصوصی مہمان اور پاکستان کی پہچان ہیں،وزیر دفاع کا سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حج آپریشن کی الوداعی تقریب سے خطاب

اتوار 19 اپریل 2026 00:00

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2026ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ عازمین حج اللہ تعالیٰ کے خصوصی مہمان اور پاکستان کی پہچان ہیں، جو حجاز مقدس میں اپنے اخلاق و کردار سے ملک کا مثبت اور باوقار تشخص اجاگر کریں گے۔ انہوں نے یہ بات سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر حج آپریشن کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے یہ سعادت بخشی کہ میں آج اللہ کے گھر کی زیارت کو جانے والے خوش نصیب خواتین و حضرات کو الوداع کرنے کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں، آپ سب پر اللہ تعالی کا خصوصی فضل و کرم اور انعام و اکرام ہے کہ اپنے گھر کی حاضری کے لیے منتخب کیا۔ اس موقع پر وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف کے ہمراہ صوبائی وزیرِ محنت و انسانی وسائل محمد منشا اللہ بٹ، چیئرمین سیال حسن علی بھٹی، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام، سی ای او ائیر سیال احسن امین، ایس وی سی ائیر سیال قیصر بریار، کنوینرز سیال حج کمیٹی غلام مرتضیٰ، ڈائریکٹر حج آپریشنز محمد رضوان شریف، انچارج حج آپریشنز سیالکوٹ مجیب اکبر شاہ اور سیال مینجمنٹ وحجاج کرام موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ہفتہ کو سیالکوٹ ائیرپورٹ پر حاجیوں کی الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اس نے مجھے یہ سعادت بخشی کہ میں آج اللہ کے گھر کی زیارت کو جانے والے خوش نصیب عازمین حج خواتین و حضرات کو الوداع کرنے کیلئے یہاں حاضر ہوا ہوں، آپ سب پر اللہ تعالی کا خصوصی فضل و کرم اور انعام و اکرام ہے کہ اپنے گھر کی حاضری کے لیے منتخب کیا۔

انہوں نے کہا کہ آپ خوش نصیب ہیں کہ آپ لوگ اس سال حج بیت اللہ کی سعادت اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی زیارت سے فیضیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ معزز عازمین حج پاکستان آپ ہماری پہچان ہیں، آپ لوگ دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں مسلمانوں کے بین الاقوامی اجتماع میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے اور آپ نے اپنے اخلاق سے انہیں پاکستان کا ایک باوقار اور روشن چہرہ دکھانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم پر اللہ تعالی نے بے شمار رحمتیں نازل کی ہیں، تقریبا ایک سال قبل ہم نے پاک فوج اور بہادر قوم کی مدد سے اپنے ابدی اور ازلی دشمن کو شکست دی۔ خواجہ محمد آصف نے کہا کہ پچھلے ڈیڑھ دو ماہ سے مسلم امہ کے حوالے سے جو ثالثی کا فرض ہمارے ذمے لگایا ہے یہ اللہ تعالی کا ایک عظیم احسان ہے۔انہوں نے عازمین حج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم پہنچیں اور روضہ رسولۖ کی زیارت کریں سب سے پہلے آپ نے اللہ کا شکر ادا کرنا ہے کہ اس نے ہماری قوم پر بہت بڑا احسان کیا، سینکڑوں سال قومیں جدوجہد کرتی رہتی ہیں اور پھر بھی اس قسم کی عظمت ان کو نصیب نہیں ہوتی جو پاکستان کو ہوئی ہے۔

انہوں نے عازمین حج سے درخواست کی کہ 25 کروڑ عوام کی طرف سے روزہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم اور بیت اللہ کے حضور سربسجود ہو کر شکر ادا کریں کہ اللہ تعالی نے ہمیں یہ سعادت دی کہ ہم نے مسلم امہ کا کیس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر لڑا اور اللہ تعالی نے ہمیں سرخرو کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللہ تعالی آنے والے دنوں میں بھی ضرور سرخرو کرے گا، مدینہ منورہ اور مکہ معظمہ میں دعائیں کریں اور اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کریں کیونکہ اللہ تعالی شکر ادا کرنے والے بندوں کو پسند کرتا ہے اور ان کی دعائیں قبول کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے حج عازمین کی رہنمائی کے لیے 188 حجاج کے ساتھ وزارت کا ایک نمائندہ ناظم مقرر کیا ہے جو مشائخ منا، عرفات اور مزدلفہ میں آپکے ساتھ موجود ہو گا اور اس سال تجرباتی بنیاد پر تقریبا 24 ہزار حجاج کو مکہ اور مدینہ کے درمیان سفر کے لیے ٹرین سہولت فراہم کی جائے گی، تمام حجاج کو ائیر کنڈیشنڈ، آرام دہ رہائش، معیاری کھانے، فولڈنگ میٹرس کا بھی انتظام ہوگا، ہر حاجی کو سعودی عرب پہنچنے پر مفت موبائل سم و ڈیٹا فری فراہم کیا جائے گا، سم میں طویل حج کے لیے 40 جی بی اور شارٹ حج کے لیے 25 جی بی کا ڈیٹا شامل ہوگا، معزز خواتین و حضرات حکومت پاکستان اس عظیم فریضہ کی ادائیگی میں آپ سے تعاون کے سلسلے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آپ ہمارے ملک کی پہچان ہیں لہذا اپنے اخلاق سے دوسروں کے دل جیتنے ہیں تاکہ لوگوں کو پتہ لگے کہ آپ ایک عظیم قوم کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ تقریب کے آخر میں انہوں نے تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور حجاج کے سفر کی آسانی کیلئے دعا بھی کی۔