ایم کیوایم پاکستان کے زیر اہتمام عظیم احمد طارق کی 33 ویں برسی، مرکزی دعائیہ اجتماع کا انعقاد

بانی چیئرمین عظیم احمد طارق کی جدوجہد اور قربانیاں تحریک کے کارکنوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں، ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی

جمعہ 1 مئی 2026 21:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 مئی2026ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیرِ اہتمام شہیدِ وفا بانی چیئرمین عظیم احمد طارق کی 33 ویں برسی کے موقع پر مرکز بہادر آباد سمیت سندھ کے تمام اضلاع میں قرآن خوانی اور دعائیہ تقاریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہید کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، کراچی میں مرکز بہادر آباد پر منعقدہ مرکزی دعائیہ تقریب میں چیئرمین ایم کیو ایم پاکستان و وفاقی وزیر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اراکینِ مرکزی کمیٹی و سینئر رہنماں سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، انیس احمد قائم خانی، سید امین الحق، انچارج سی او سی فرقان اطیب و اراکینِ کمیٹی، اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی اور بڑی تعداد میں مرکزی ذمہ داران و کارکنان نے شرکت کی اور شہیدِ وفا کو ان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا، اسی مناسبت سے سندھ کے دیگر اضلاع بشمول حیدرآباد، میرپورخاص، سکھر، نواب شاہ، سانگھڑ، ٹنڈوالہیار، ٹھٹہ، بدین، سجاول، لاڑکانہ، شکارپور، خیرپور، عمرکوٹ اور قمبر شہدادکوٹ سمیت مختلف شہروں میں بھی دعائیہ اجتماعات منعقد ہوئے جہاں انچارج سندھ تنظیمی کمیٹی سلیم رزق اور اراکینِ سندھ تنظیمی کمیٹی نے ضلعی ذمہ داران اور کارکنان کے ہمراہ شرکت کی، اس موقع پر مقررین نے شہید چیئرمین عظیم احمد طارق کی تحریکی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید کی قربانیاں حق پرستی کی جدوجہد کا وہ روشن باب ہیں جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا اور پوری تحریک آج ان کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے مظلوم عوام کے حقوق کی جنگ لڑنے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے، کارکنان نے عزم ظاہر کیا کہ شہیدوں کا خون تحریک کے لیے ایندھن کی حیثیت رکھتا ہے اور وہ ایم کیو ایم کی قیادت میں منزل کے حصول تک اپنی پرامن سیاسی و جمہوری جدوجہد جاری رکھیں گے۔