۵ شکاگو کے شہدا کی قربانیوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا، پشتونخواملی عوامی پارٹی کا محنت کشوں کو خراجِ عقیدت

ملک میں آئین کی بالادستی اور استحصالی ڈھانچوں کا خاتمہ ہی مزدور کی خوشحالی کا ضامن ہے، پارٹی اعلامیہ

جمعہ 1 مئی 2026 22:25

۰کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2026ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یکم مئی مزدوروں کے عالمی دن کے موقع پر 1886 کے شکاگو کے بہادر محنت کشوں کی تاریخی جدوجہد اور لازوال قربانیوںپرپارٹی انہیں بھرپور خراجِ عقیدت پیش کرتی ہے ۔ یہ وہ عظیم دن ہے جب محنت کشوں نے 18 گھنٹے طویل مشقت کے خلاف آواز بلند کی اور اپنے بنیادی حقوق کے لیے جدوجہد کی ان پر گولیاں برسائی گئیں، انہیں شہید کیا گیا، مگر ان کی قربانیوں نے تاریخ کا دھارا بدل دیا۔

انہی قربانیوں کے نتیجے میں دنیا بھر میں یومیہ اوقاتِ کار کو 18 گھنٹوں سے کم کرکے 8 گھنٹے مقرر کیا گیا اور محنت کشوں کے حقوق کو قانونی تحفظ حاصل ہوا۔ آج دنیا بھر کے محنت کش اس دن کو اپنے اتحاد، جدوجہد اور کامیابی کی علامت کے طور پر مناتے ہیں۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ آج ملک شدید معاشی بحران، بے روزگاری اور مہنگائی کی بدترین لہر کی زد میں ہے اور بالخصوص پشتونخواوطن کے عوام اور محنت کش طبقہ موجودہ حالات میں پہلے سے کہیں زیادہ اذیت ناک صورتحال سے دوچار ہیں ۔

آئے روز ٹیکسزکے نفاذ، پٹرولیم مصنوعات ،بجلی ، گیس ، ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافے سے عام آدمی کی زندگی اجیرن ہو چکی ہے ، باڈر ٹریڈ کی بندش ، کاروبار ، روزگار اور تجارت کے تمام مواقع چھین لیے گئے جس سے ہزاروں خاندانوں کو نان شبینہ کا محتاج بنا دیا گیا ہے اور لاکھوں افراد بنیادی ضروریاتِ زندگی سے محروم ہو رہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میںمتفقہ آئین کی بالادستی ہو ، پارلیمنٹ خودمختار ہو ، قوموں کی برابری مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کا قیام ، ہر ادارہ متفقہ آئین میں دیئے گئے دائرہ کار واختیار کا پابند ہو ، ہر شعبہ میں برابری اور انصاف لازمی ہے ۔

استعماری طرز کی پالیسیوں اور استحصالی ڈھانچوں کا خاتمہ کیے مزدوروں اور عوام کی خوشحالی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنے محبوب چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمود خان اچکزئی کی سربراہی میں تمام محنت کشوں، کسانوں، طلبہ اور تمام محکوم طبقات ومظلوم عوام کی ہر فورم پر بہترین نمائندگی کرتی چلی آرہی ہے اور ان سے بھی اپیل کرتی ہے کہ وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے منظم، پرامن اور جمہوری جدوجہد میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ یہی راستہ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی، انصاف اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کر سکتا ہے۔

بیان کے آخر میں یہ عالمی یوم مزدور کے موقع پریہ عہد کیا جاتا ہے کہ محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ، ان کے معیارِ زندگی کی بہتری اور ایک منصفانہ سماج کے قیام کے لیے پشتونخواملی عوامی پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی