معرکہ حق میں پاکستان نے بیانئے، سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی، عطاء تارڑ

زندہ قومیں عزت ،وقار کیساتھ اپنا مقام خود بناتی ،بھارت کی مکاری، جھوٹ اور منافقت سب پر عیاں ہے، وزیر اطلاعات کا معرکہ حق بارے کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب

منگل 5 مئی 2026 20:55

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2026ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بیانئے، سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی، زندہ قومیں عزت ،وقار کیساتھ اپنا مقام خود بناتی ،بھارت کی مکاری، جھوٹ اور منافقت سب پر عیاں ہے۔ منگل کو وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام معرکہ حق کے حوالے سے کتاب ’دی بیٹل آف تھرتھ‘کی تقریب رونمائی ہوئی جس میں کتاب کے حوالے سے دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ معرکہ حق میں پاکستان نے بیانئے اور سفارتی محاذ پر بھارت کو شکست دی۔ انہوں نے کہا کہ فتح کے پیچھے پوری قوم کا جذبہ، لگن اور سچائی تھی، حق پر ہونے کی وجہ سے اللہ تعالی کی مدد بھی شامل رہی۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستانی میڈیا، سوشل میڈیا اور نوجوانوں نے بیانیہ کی جنگ میں بھرپور کردار ادا کیا اور دنیا نے بھارت کے جھوٹے بیانیے کو یکسر مسترد کر دیا۔

انہوں نے آئی ایس پی آر اور وزارت اطلاعات کے درمیان مکمل ہم آہنگی کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اتحاد اور اتفاق کی بدولت قومی بیانیے کی ترویج اور بیانیہ کی جنگ میں کامیابی ممکن ہوئی۔عطااللہ تارڑ نے کہا کہ زندہ قومیں عزت اور وقار کے ساتھ اپنا مقام خود بناتی ہیں اور بھارت کی مکاری، جھوٹ اور منافقت سب پر عیاں ہے۔ انہوں نے لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کا بھی تہہ دل سے مشکور کیا۔تقریب سے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عامر ریاض (ہلال امتیاز ملٹری)، زرین خان مگسی، ڈاکٹر نفیسہ شاہ، سینیٹر پلوشہ خان نے بھی خطاب کیا۔