۹سنٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ’’معرکہ حق‘‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر سیمینار کا انعقاد

۷معرکہ حق پاکستانی قوم کے اتحاد، بہادری اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے، پاک فوج نے ہمیشہ وطن کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے، وزیر اطلاعات &معرکہ حق صرف ایک تاریخی باب نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، استقامت اور قربانیوں کی علامت ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مثالی کردار ادا کیا اور قوم کو اتحاد، حوصلے اور حب الوطنی کا درس دیا، عطاء اللہ تارڑ a معرکہ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط اور ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، ایئر چیف مارشل (ر) مجاہد انور خان و دیگر کا سیمینار سے خطاب

جمعرات 7 مئی 2026 20:10

ٴْاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مئی2026ء) سنٹر آف پاکستان اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز کے زیر اہتمام ’’معرکہ حق‘‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر سیمینار کا انعقاد مقامی ہوٹل میں ہوا، جس میں سیاسی، عسکری، تعلیمی اور سفارتی شخصیات نے شرکت کی۔ سیمینار میں معرکہ حق کی تاریخی اہمیت، قومی سلامتی، دفاعی خودمختاری، ہائبرڈ وارفیئر، نوجوانوں کے کردار اور پاکستان کے مستقبل کے وڑن پر گفتگو کی گئی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے کہا کہ معرکہ حق پاکستانی قوم کے اتحاد، بہادری اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کی روشن مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے ہمیشہ وطن کے دفاع، سلامتی اور استحکام کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی مسلح افواج کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ جدید دور کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قومی یکجہتی، موثر بیانیہ اور نوجوان نسل کی رہنمائی ناگزیر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ہمیشہ بطور ریاست فالس فلیگ اقدامات پر یقین کیاہے۔ جب ہم کہتے ہیں کہ بھارت ایک دہشت گرد ریاست ہے تو ہمارے پاس اس کے مکمل ثبوت موجود ہیں۔کینیڈا میں ہرجیت سنگھ والے کیس سے تو آپ سب واقف ہیں، بھارت کینڈا اور انگلینڈ میں ٹارگٹ کلنگ کرانے میں ملوث ہے۔

اس کے پیچھے دہشت گردانہ سوچ پائی جاتی ہے۔انڈیا اورپاکستان میں یہی تو فرق ہے۔ وہ دہشت گردی کو پھیلاتاہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف فرنٹ لائن سٹیٹ کے طورپر لڑ رہے ہیں۔کسی دوسری قوم نے اتنی قربانیاں نہیں دی ہونگی جو پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جگ میں قربانیاں دی ہیں۔اپنی افواج کی بات کریں تو دنیا کی کسی آرمی میں آفیسرز نے اتنی قربانیاں نہیں دیں جتنی قربانیاں پاکستانی فوج کے آفیسرز نے دی ہیں،ہمارے فوجی جوان جذبہ ایمانی سے بھرپور ہیں۔

خطبہ استقبالیہ میں COPAIR کی صدر آمنہ منور اعوان نے کہا کہ معرکہ حق صرف ایک تاریخی باب نہیں بلکہ پاکستانی قوم کے عزم، استقامت اور قربانیوں کی علامت ہے۔ پاک فوج نے ہمیشہ مادرِ وطن کے دفاع کے لیے مثالی کردار ادا کیا اور قوم کو اتحاد، حوصلے اور حب الوطنی کا درس دیا۔ معرکہ حق، پاکستان کی اسٹریٹجک تاریخ کا ایک اہم باب اور قومی عزم، اتحاد اور نظریاتی استحکام کی روشن علامت ہے۔

آج کی جنگیں صرف جغرافیائی سرحدوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ نفسیاتی، ڈیجیٹل اور نظریاتی محاذوں پر بھی لڑی جا رہی ہیں، جس کے باعث قومی بیانیے کے تحفظ، فکری بیداری اور اداروں پر عوامی اعتماد کو مزید مضبوط بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ پاکستان کی مسلح افواج ملک کی جغرافیائی سرحدوں کا دفاع کر رہی ہیں جبکہ نظریاتی سرحدوں کے تحفظ کی ذمہ داری دانشوروں، پالیسی سازوں، میڈیا اور نوجوانوں پر بھی عائد ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کوپیئر قومی یکجہتی، اسٹریٹجک شعور اور فکری ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا تاکہ پاکستان ہر قسم کے داخلی و خارجی چیلنجز کا مؤثر انداز میں مقابلہ کر سکے ایئر چیف مارشل (ر) مجاہد انور خان نے کہا کہ معرکہ حق نے ثابت کیا کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے مضبوط اور ہر قسم کے خطرات کا مقابلہ کرنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

قائداعظم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر نواز جسپال نے کہا کہ معرکہ حق نوجوان نسل کے لیے قومی شعور، تحقیق اور فکری بیداری کا پیغام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جامعات کو قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور جدید عالمی چیلنجز پر تحقیق کو فروغ دینا ہوگا۔ قومی سلامتی کے سابق مشیرناصر جنجوعہ نے کہا کہ آج کی جنگیں صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہیں بلکہ معلوماتی، سائبر اور نفسیاتی محاذوں پر بھی لڑی جا رہی ہیں۔

انہوں نے قومی بیانیے، ادارہ جاتی ہم آہنگی اور نوجوانوں کی ذہنی تربیت کو انتہائی اہم قرار دیا۔تقریب کے اختتام پر سفیر (ر) خالد محمود نے تمام مہمانوں اور مقررین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق پاکستانی قوم کے اتحاد، خودمختاری اور پائیدار استقامت کی علامت ہے۔