ایل او سی پر رہنے والے عوام دراصل پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں،انجنیئر امیر مقام

‘‘معرکہ حق’’میں تاریخی کامیابی سول و ملٹری قیادت کی بہترین حکمت عملی ، افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے بے مثال اتحاد و اتفاق کی بدولت ممکن ہوئی معرکہ حق میں بھارت کو تاریخ ساز شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت کا نام نہاد‘‘آپریشن سندور’’خود اس کے لیے وبال جان بن گیا،وفاقی وزیر امور کشمیر کانکیال میں جلسے سے خطاب

پیر 11 مئی 2026 14:55

فتح پور تھکیالہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مئی2026ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ‘‘معرکہ حق’’میں تاریخی کامیابی سول و ملٹری قیادت کی بہترین حکمت عملی، افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ مہارت اور پوری قوم کے بے مثال اتحاد و اتفاق کی بدولت ممکن ہوئی۔ معرکہ حق نے بھارت کے غرور کو خاک میں ملا دیا جبکہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عزت، وقار اور سربلندی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا۔

وہ فتح پور تھکیالہ ڈگری کالج گراؤنڈ میں‘‘معرکہ حق’’کی تاریخی کامیابی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ عظیم الشان ریلی کے بعد بڑے عوامی جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ جلسہ کی صدارت آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم راجہ فاروق حیدر خان نے کی جبکہ جلسہ میں ہزاروں افراد شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

کارکنوں نے پاکستان، پاک فوج اور مسلم لیگ (ن) کے حق میں زبردست نعرے بازی کی جبکہ جلسہ گاہ قومی پرچموں اور پارٹی جھنڈوں سے سجی ہوئی تھی۔

جلسہ میں سابق وزیر سردار محمد نعیم خان، سابق وزیر سردار فاروق سکندر،امیدوار اسمبلی حلقہ فتح پور تھکیالہ سردار عمیر نعیم ایڈووکیٹ،سابق سینئیر وزیر محمد نواز، ممبر کشمیر کونسل ملک محمد حنیف، امیدوار اسمبلی ملک ذوالفقار، یوتھ کے یاسر منشا، امیدوار اسمبلی راجہ ریاست خان، امید آرا اسمبلی راجہ شاداب سکندر،راجہ طالب، راجہ ایاز نثار، چیئرمین مسلم لیگ ن یوتھ و امیداوار اسمبلی راجہ فاتح محمود الحسن، سینئیر رہنما عبدالرحمن ارائیاں،ڈسٹرکٹ کونسلرز و امیدوارہ اسمبلی شاہین نواز ملک سمیت دیگر سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات بھی شریک تھیں۔

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے اپنے خطاب میں کہا کہ فتح پور تھکیالہ اور نکیال کے عوام نے جس محبت، خلوص اور والہانہ انداز میں استقبال کیا وہ ان کے لیے ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ‘‘میں نے آج آپ کا پیار اور محبت دیکھ لی ہے، سردار عمیر نعیم کے ساتھ تو انجینئر کا رشتہ بھی نکل آیا ہے۔ یہاں پاکستان سے محبت کرنے والے، کشمیر سے محبت کرنے والے، افواج پاکستان سے محبت کرنے والے اور سردار سکندر حیات کی فیملی سے محبت کرنے والوں کا جم غفیر موجود ہے۔

’’انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر رہنے والے عوام دراصل پاکستان کے بلا تنخواہ سپاہی ہیں جو ہر مشکل گھڑی میں افواج پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے رہتے ہیں۔‘‘میرے پاس آپ کے پیار و محبت کا صلہ دینے کے لیے الفاظ نہیں، میں آپ کے جذبے اور محبت کا مقروض ہوں۔ ایل او سی پر بسنے والے ہمارے بھائی خراجِ تحسین کے مستحق ہیں۔’’وفاقی وزیر نے کہا کہ میاں محمد نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر ملک کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں بھارت کو تاریخ ساز شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ بھارت کا نام نہاد‘‘آپریشن سندور’’خود اس کے لیے وبال جان بن گیا۔‘‘بھارت نے جھوٹ کی بنیاد پر پاکستان کے خلاف محاذ کھولا مگر اسے منہ کی کھانا پڑی۔ افواج پاکستان نے اپنی صلاحیتوں اور جرات سے بھارت کو چاروں شانے چت کر دیا۔’’انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا جبکہ دشمن کے جدید رافیل طیارے‘‘رافیل’’کے بجائے‘‘فیل’’ثابت ہوئے۔

انہوں نے شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر اور وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان نے دنیا بھر میں اپنا وقار بلند کیا ہے۔ انہوں نے فتح پور تھکیالہ کے لیے پاسپورٹ آفس کے قیام، نادرا کے دو دفاتر اور گریڈ اسٹیشن کی اپ گریڈیشن کے حوالے سے اقدامات کا اعلان بھی کیا۔

انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں میاں محمد نواز شریف کے دور میں ریکارڈ تعمیر و ترقی ہوئی جبکہ دانش سکولز، موٹرویز اور نوجوانوں کے لیے لیپ ٹاپ سکیم جیسے منصوبے مسلم لیگ (ن) کی عوام دوستی کا ثبوت ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ آنے والے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کو کامیاب بنائیں تاکہ خطے کی تعمیر و ترقی کا سفر مزید تیز کیا جا سکے۔جلسہ سے سردار عمیر نعیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فتح پور تھکیالہ اور نکیال کے عوام ہمیشہ پاکستان اور افواج پاکستان کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والے عوام نے ہر دور میں قربانیاں دے کر وطن سے اپنی لازوال محبت کا ثبوت دیا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ کشمیر کاز کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور عوامی مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے۔ سردار عمیر نعیم نے کہا کہ وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام کی آمد سے کارکنوں میں نیا جوش و جذبہ پیدا ہوا ہے اور آنے والا وقت مسلم لیگ (ن) کا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام ترقی، خوشحالی اور استحکام کے سفر میں مسلم لیگ (ن) کے ساتھ ہیں۔سردار فاروق سکندر نے اپنے خطاب میں کہا کہ معرکہ حق نے پوری دنیا پر واضح کر دیا کہ پاکستانی قوم اور افواج پاکستان ناقابل شکست ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہمیشہ کشمیر میں ظلم و بربریت کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبانے کی کوشش کی مگر کشمیری عوام آج بھی آزادی کے لیے پرعزم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی امیدوں کا مرکز ہے اور پاکستانی قوم ہر مشکل گھڑی میں کشمیری عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔ سردار فاروق سکندر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے اپنے ہر دور حکومت میں آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی، سڑکوں کے جال، تعلیمی اداروں اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے نمایاں کام کیے۔جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ معرکہ حق کی کامیابی پوری قوم اور افواج پاکستان کی مشترکہ کامیابی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج نے دشمن کو جس جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے جواب دیا اس پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور کشمیری عوام نے ہمیشہ پاکستان کے ساتھ اپنی وابستگی کا عملی ثبوت دیا ہے۔ راجہ فاروق حیدر خان نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کیا اور میاں نواز شریف نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنا کر دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا۔

انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی اتحاد اور یکجہتی کی اشد ضرورت ہے اور پوری قوم کو افواج پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا۔جلسے کے اختتام پر وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے‘‘پاکستان زندہ باد، افواج پاکستان زندہ باد، میاں شہباز شریف زندہ باد، فیلڈ مارشل زندہ باد، میاں نواز شریف زندہ باد، پاکستانی عوام زندہ باد اور کشمیری عوام زندہ باد’’کے فلک شگاف نعرے لگوائے جبکہ جلسہ گاہ پاکستان اور کشمیر کے حق میں نعروں سے گونج اٹھی۔ آخر میں ملکی سلامتی، استحکام، افواج پاکستان کی کامیابی، شہداء کے بلند درجات، آزاد کشمیر کی ترقی اور مسئلہ کشمیر کے جلد و منصفانہ حل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔