جعلی حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عمران خان کو تنہا رکھنے میں مصروف ہے

جب جعلی حکمران آئین قانون کو نہ مانیں تو انصاف کی توقع نہیں رکھی جاسکتی، اقتدار بچانے کیلئے یہ لوگ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں، ہم آئینی جمہوری راستے پرجدوجہد جاری رکھیں گے، وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی میڈیا سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 12 مئی 2026 21:07

جعلی حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عمران خان کو تنہا رکھنے میں ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ انٹرنیشنل پریس ایجنسی ۔ 12 مئی 2026ء ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے کہا ہے کہ جعلی حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عمران خان کو تنہا رکھنے میں مصروف ہے، جب جعلی حکمران آئین قانون کو نہ مانیں تو انصاف کی توقع نہیں رکھی جاسکتی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل خان آفریدی نے راولپنڈی میں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو سنگین مسائل کا سامنا ہے، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی نظر نہیں آرہی، اندرونی و بیرونی قرضے بڑھ کر 81 ہزار ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں، دہشتگردی میں اضافہ ناکام پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔

نوجوان ملک چھوڑنے پر مجبور جبکہ سرمایہ کار بھی پاکستان سے جا رہے ہیں، ملک معاشی تباہی، دہشتگردی اور آئینی بحران کا شکار ہے لیکن حکومت کو صرف عمران خان سے ملاقاتیں روکنے کی فکر ہے، جعلی حکمران عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے عمران خان کو تنہا رکھنے میں مصروف ہے، انکو ڈاکٹر تک رسائی اور ذاتی ڈاکٹروں کی موجودگی میں علاج کی اجازت نہیں دی جارہی، مذاکرات یا ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو زمینی حقائق کا علم نہیں، جعلی حکمران آئین اور قانون نہ مانے اور اداروں کو مفلوج کردے تو انصاف کی توقع نہیں رکھی جاسکتی، جب عدالتیں بھی مفلوج ہوجائیں تو عوام انصاف کیلئے کہاں جائیں؟ انہوں نے کہا کہ 26 نومبر کو پرامن مظاہرین پر گولیاں چلائی گئیں اور شہریوں کو شہید کیا گیا، اقتدار بچانے کیلئے یہ لوگ کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ جب تمام آئینی و قانونی راستے بند کردیے جائیں تو پرامن احتجاج ہی واحد راستہ رہ جاتا ہے، پی ٹی آئی آئینی اور جمہوری راستے پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی، جیلیں کاٹنے اور سختیاں برداشت کرنے والے کارکن ثابت قدم اور پرعزم ہیں، ہم اپنے حقوق سے دستبردار نہیں ہوں گے، حق اور آئین کی بالادستی کی جدوجہد جاری رہے گی۔