Live Updates

برگن اسٹاک میں امریکہ ایران تاریخی مذاکرات کا باقاعدہ آغاز

عالمی سپر پاورز کا پاکستان کی قیادت پر سو فیصد اعتماد، امریکہ اور ایران کی جانب سے پاکستان کو مذاکرات کی سربراہی کی پیشکش، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی شرکت

Sajid Ali ساجد علی اتوار 21 جون 2026 18:54

برگن اسٹاک میں امریکہ ایران تاریخی مذاکرات کا باقاعدہ آغاز
برگن اسٹاک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 جون2026ء) سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے درمیان دیرینہ تنازعات اور کشیدگی کو ختم کرنے کے لیے تاریخی اور فیصلہ کن مذاکرات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشرقِ وسطیٰ کو جنگ کی آگ سے نکالنے کے لیے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں امریکہ اور ایران کے وفود میز پر آمنے سامنے بیٹھ گئے ہیں، ان مذاکرات کو ممکن بنانے میں پاکستان نے بنیادی ثالث کا کردار ادا کیا ہے، مذاکرات کے آغاز پر ہی پاکستان کے لیے ایک تاریخی سفارتی اعزاز سامنے آیا۔

بتایا گیا ہے کہ امریکہ اور ایران دونوں مخالف فریقین نے پاکستان کے مخلصانہ اور متوازن کردار کو سراہتے ہوئے مشترکہ طور پر یہ پیشکش کی ہے کہ پاکستان ان مذاکرات کی سربراہی کرے، اس تاریخی امن مشن کے لیے پاکستان کے وفد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر خود مذاکراتی میز پر موجود ہیں، جو پاکستان کے تعمیری و اصولی مؤقف کے تحت اس عمل کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ امریکہ کی جانب سے مذاکراتی میز پر امریکی نائب صدر جے ڈی وینس، صدر ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر موجود ہیں، دوسری جانب ایرانی وفد کی قیادت ایران کے اسپیکر پارلیمنٹ باقر قالیباف کر رہے ہیں، جبکہ ان کے ہمراہ ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود ہیں، اس اہم ترین بیٹھک میں صرف امریکہ اور ایران ہی نہیں بلکہ خطے کے دیگر اہم شراکت دار بھی موجود ہیں۔

بتایا جارہا ہے کہ امریکہ اور ایران کے ان اہم مذاکرات میں پاکستان کے ساتھ ساتھ قطر کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہال میں موجود ہے، پاکستان، قطر، امریکہ اور ایران پر مشتمل یہ چار ملکی بیٹھک 'اسلام آباد مفاہمتی یادداشت' کے نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے اور خطے میں پائیدار جنگ بندی قائم کرنے کے لیے تکنیکی امور پر مشاورت کر رہی ہے، امریکہ اور ایران جیسی سخت مخالف قوتوں کی جانب سے پاکستان کو مذاکرات کی سربراہی کی پیشکش کرنا، عالمی سطح پر پاکستان کی خارجہ پالیسی اور عسکری و سیاسی قیادت کی ساکھ کی بہت بڑی کامیابی ہے۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات