Live Updates

ایران میں آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری سطح پر آخری رسومات کا آغاز، عالمی شخصیات کی تہران آمد

جمعہ 3 جولائی 2026 20:50

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 جولائی2026ء) ایران کے سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی سرکاری سطح پر آخری رسومات کا آغاز جمعہ کو تہران میں ہوا، جہاں ان کے جسدِ خاکی کو ایک بڑے ہال میں رکھا گیا تاکہ مذہبی شخصیات، حکومتی عہدیدار، غیر ملکی وفود اور ہزاروں سوگوار عوام انہیں خراجِ عقیدت پیش کر سکیں۔ایران نے مرحوم رہنما کے لیے ایک ہفتے پر محیط تعزیتی تقریبات کا اعلان کیا ہے۔

تہران میں مرکزی رسومات کے بعد جسدِ خاکی کو ایران کے مذہبی شہر قم اور عراق کے مقدس شہروں نجف اور کربلا لے جایا جائے گا، جبکہ آئندہ ہفتے مشہد میں امام رضا کے روضے کے احاطے کے قریب سپردِ خاک کیا جائے گا۔رسومات میں پاکستان، عراق، روس، چین، آرمینیا سمیت مختلف ممالک کے اعلیٰ سطحی وفود نے شرکت کی، جبکہ پاکستانی وفد کی قیادت وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کی۔

(جاری ہے)

وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وفاقی وزیر اطلاعات عطائ اللہ تارڑ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی شامل تھے۔تقریب میں ایران کے صدر، پارلیمنٹ کے اسپیکر، وزیر خارجہ، عسکری قیادت اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔ نماز اور فاتحہ خوانی کے دوران مرحوم رہنما کی سیاسی، مذہبی اور انقلابی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

ایرانی حکام نے رسومات کے دوران سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے ہیں۔ تہران کی اہم شاہراہوں پر فوج، پولیس اور رضاکار فورسز تعینات ہیں، جبکہ لاکھوں افراد کی شرکت کے پیش نظر خصوصی ٹرانسپورٹ اور رہائشی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔سرکاری اعلان کے مطابق مرحوم سپریم لیڈر کی تدفین آئندہ ہفتے مشہد میں امام رضا کے مزار کے قریب مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے گی۔
Live ایران امریکا کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات