ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،5,438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ

جمعرات 6 اگست 2026 23:35

ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا،5,438 نئی کمپنیاں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 06 اگست2026ء) ملک میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم ہوگیا ہے اورجولائی میں ایس ای سی پی میں 5,438 نئی کمپنیاں رجسٹرڈ ہوئی ہیں۔سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی)نے جولائی 2026 میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ اس ماہ کے دوران ایس ای سی پی میں مجموعی طور پر 5,438 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں جبکہ پانچ بین الاقوامی کمپنیوں نے بھی پاکستان میں اپنے دفاتر قائم کر لیے۔

ایس ای سی پی کے مطابق ملائیشیا، متحدہ عرب امارات اور چین سمیت مختلف ممالک کی کمپنیاں پاکستان میں کاروبار کے لیے آئیں۔ نئی رجسٹر ہونے والی 112 کمپنیوں میں غیر ملکی ڈائریکٹرز شامل ہیں۔رجسٹر ہونے والی کمپنیوں میں 3,148 پرائیویٹ لمیٹڈ کمپنیاں، 2,117 سنگل ممبر کمپنیاں، 127 لمیٹڈ لائبیلٹی پارٹنرشپس، 28 غیر منافع بخش تنظیمیں اور 18 پبلک کمپنیاں شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایس ای سی پی کے مطابق سب سے زیادہ 51 فیصد کمپنیاں پنجاب میں رجسٹر ہوئیں۔ پنجاب میں رجسٹر ہونے والی کمپنیوں کی تعداد 2,756 ہے۔ اسلام آباد میں 1,053، سندھ میں 864، خیبر پختونخوا میں 450، گلگت بلتستان میں 180 اور بلوچستان میں 135 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ایس ای سی پی کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں سب سے زیادہ کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ آئی ٹی سیکٹر میں 1,008 نئی کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔ ٹریڈنگ میں 845، سروسز میں 638، کنسٹرکشن میں 348، فوڈ اینڈ بیوریجز میں 256، سیاحت میں 207 فر، ای کامرس میں 181، ایجوکیشن میں 165، رئیل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ میں 162 اور کارپوریٹ ایگری کلچر میں 145 کمپنیاں رجسٹر ہوئیں۔... اعجاز خان