ملکی ترقی و استحکام میں اقلیتوں کے کردار سے انکار ممکن نہیں‘ راجہ پرویز اشرف

منگل 11 اگست 2026 19:37

ملکی ترقی و استحکام میں اقلیتوں کے کردار سے انکار ممکن نہیں‘ راجہ پرویز ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 اگست2026ء) سابق وزیر اعظم اور پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور استحکام میں اقلیتوں کے کردار سے انکار ممکن نہیں،اقلیتوں نے قیام پاکستان سے اب تک ملکی تعمیر و ترقی میں مثبت حصہ لیا ہے۔انہوں نے اقلیتوں کے قومی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ایف سی کالج،مرے کالج ،یو سی ایچ،لیڈی ولنگٹن،لیڈی ریڈنگ،دیال سنگھ کالج کسی شناخت کے محتاج نہیں۔

پیپلز پارٹی نے اقلیتوں کو دوہرے ووٹ کا حق دیا،قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کے 12افراد کو نمائندگی دلوائی ۔ مسیحی برادری کے انتھونی نوید کو ڈپٹی سپیکر سندھ اسمبلی اور ہندو برادری کی کرشنا کماری کو سینیٹر بنایا۔

(جاری ہے)

پیپلز پارٹی نے قومی کمیشن برائے اقلیتی حقوق بل 2025ء کی منظوری میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی نے اقلیتی کمیشن کو وزارتِ مذہبی امور کے بجائے وزارتِ انسانی حقوق کے ماتحت فعال کرنیکی راہ ہموار کی۔

سندھ اسمبلی میں ہندو میرج ایکٹ 2016ء جیسے اہم قوانین متعارف کرائے۔علاوہ ازیں پیپلز پارٹی کے رہنما احسن رضوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کا دن اقلیتوں کے ساتھ اظہار یکجہتی و محبت کے اظہار کے لئے قومی اقلیتی دن کے طور پر منایا جاتا ہے، 11اگست 1947ء کو قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی تاریخی تقریر میں ایک جدید ، روادار اور ترقی پسند پاکستان کی بنیاد رکھی، آج کے دن قائداعظم نے کہا تھا کہ پاکستان میں مسلک، ذات اور صنف کے قطع نظر برابر کے حقوق حاصل ہوں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی تمام اقلیتوں کے مساوی حقوق کے لئے پرعزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی پی پی حکومت نے اقلیتوں کے لئے سرکاری ملازمتوں اور خدمات میں 0.5فیصد کوٹہ ریزرو کرکے تاریخی اقدام اٹھایا،پیپلز پارٹی کی خواہش ہے کہ ہر سطح پر اقلیتوں کی نمائندگی کو یقینی بنایا جاسکے، کسی بھی ملک کی خوبصورتی وہاں مختلف مذاہب اور تہذیبوں کا موجود ہونے سے ہے، ایک ہی جھنڈے کے نیچے مختلف مذاہب اور ثقافت کا ہونا ایک نعمت ہے۔

احسن رضوی نے کہا کہ پاکستان میں تمام اقلیتیں آزادانہ طور پر اپنے مذہبی اور ثقافتی رسومات ادا کریں ،پی پی پی اقلیتوں کی مکمل آزادی اور سلامتی کے لئے تمام اقدامات کرے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لئے سب سے بڑھ کر خدمات انجام دیئے ہیں، آصف علی زرداری نے اپنے دور حکومت میں اقلیتوں کی نمائندگی پر خصوصی توجہ دی۔