پاکستان کی حقیقی منزل نظریۂ پاکستان کی تکمیل ہے،ڈاکٹر حمیرا طارق

جمعرات 13 اگست 2026 21:04

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 اگست2026ء) حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر حمیرا طارق اور صدر جنوبی پنجاب شازیہ سیال نے یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی حقیقی منزل نظریۂ پاکستان کی تکمیل ہے۔ قیام پاکستان صرف ایک تاریخی واقعہ نہیں بلکہ ایک پیغام تھا جو آج بھی زندہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان لاکھوں افراد کی قربانیوں کے نتیجے میں حاصل ہوا جبکہ خواتین نے بھی تحریک پاکستان میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا اور ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ پاکستان کی مضبوطی، سلامتی اور خوشحالی کا انحصار قومی اتحاد اور نظریاتی بنیادوں پر ہے۔ پاکستانی خواتین مشکلات کے باوجود تعلیم، طب، کاروبار، صنعت و تجارت سمیت مختلف شعبوں میں ملکی ترقی کے لیے اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

(جاری ہے)

محدود وسائل میں گھروں کا نظام چلانے والی خواتین بھی ملکی معیشت میں اہم حصہ ڈال رہی ہیں، اس لیے ریاست خواتین کو محفوظ اور باعزت ماحول فراہم کرے۔ انہوں نے مہنگائی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی خصوصاً خواتین کو خوراک، تعلیم اور علاج کے اخراجات پورے کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ حکومت عوام دوست پالیسیاں اختیار کرے اور غریب طبقات کو ریلیف فراہم کرے۔ ڈاکٹر حمیرا طارق نے امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور بدامنی کا خاتمہ ملکی ترقی کے لیے ضروری ہے۔ انہوں نے فلسطینی اور کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔