-خیبرپختونخوا میں یوم آزادی پر ایک روز میں 14 لاکھ پودے لگانے کا تاریخی ہدف، شفیع جان

:وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو عمران خان سے ملاقات سے روکنا عدالتی احکامات اور جمہوری اقدار کی خلاف ورزی ہے، وزیر اطلاعات )عمران خان کی رہائی اور آئین کی بالادستی کے لیے پرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی، 27 ستمبر کے لانگ مارچ کا اعلان

جمعرات 13 اگست 2026 22:45

[پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 اگست2026ء) وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبرپختونخوا شفیع جان نے یوم آزادی پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 14 اگست ہماری قومی تاریخ کا ایک عظیم اور درخشندہ دن ہے۔ قیام پاکستان ہمارے اسلاف کی انتھک جدوجہد، لازوال قربانیوں اور قائداعظم محمد علی جناحؒ کی مدبرانہ قیادت کا ثمر ہے،انہوں نے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر تحریک آزادی کے عظیم رہنماؤں اور شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔

بزرگوں کی قربانیوں کو یاد رکھتے ہوئے ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کو مزید مضبوط، مستحکم، خوشحال اور خودمختار بنائیں گے، وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان کے نظریے پر عمل پیرا نوجوان علامہ اقبالؒ کے شاہین بن کر پاکستان کو مزید عظیم اور خودمختار بنانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔

(جاری ہے)

علامہ اقبالؒ کی فکر اور عمران خان کے وژن کی بنیاد ایک ایسے معاشرے کا قیام ہے جہاں قانون کی حکمرانی، انصاف اور مساوی حقوق بلا تفریق میسر ہوں۔

انھوں نے مزید کہا کہ بانی چئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق وزیراعلی سہیل آفریدی کی ہدایت پر خیبرپختونخوا حکومت آج یوم آزادی کے موقع پر ایک ہی دن میں 14 لاکھ پودے لگانے کا تاریخی ہدف حاصل کرے گی،مہم کے تحت سپین خاک کے مقام پر وسیع رقبے پر شجرکاری کی جائے گی،جی پی ایس لوکیشن کے ذریعے شجرکاری مقامات ، نگرانی اور لگائے گئے پودوں کی مجموعی تعداد کے لئے "احساس شجرکاری ویب پورٹل "بھی لانچ کردیا ہے ، رواں سال 23 مارچ کو بھی خیبرپختونخوا میں ایک ہی دن 10 لاکھ پودے لگائے گئے تھے،یہ شجرکاری آنے والی نسلوں کے لیے سرسبز، محفوظ اور خوشحال پاکستان کا تحفہ ہے، آئیے آج عہد کریں کہ بانی چئرمین عمران خان کے خوددار پاکستان کے وژن کے مطابق ایک مضبوط، خوشحال، خودمختار اور سرسبز پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔

بعد ازاں ایک اور بیا ن میں وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ خیبر پختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو بانی چئرمین عمران خان سے ملاقات سے روکنا عدالتی احکامات کی صریح خلاف ورزی ہے۔ پنجاب حکومت عمران خان کے خوف میں انہیں قید تنہائی میں رکھ کر ان کے بنیادی انسانی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی کر رہی ہے۔

عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی نے پنجاب حکومت کی آمرانہ سوچ قوم کے سامنے عیاں کردی ہے،انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس کی جانب سے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کرنا انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے۔ ایک منتخب وزیراعلیٰ کے راستے میں اس طرح رکاوٹیں کھڑی کرنا آئین، قانون، عوامی مینڈیٹ اور جمہوری اقدار کی کھلی توہین ہے،شفیع جان نے کہا کہ عمران خان کی صحت سے متعلق وفاقی اور پنجاب حکومتوں کی سنگین غفلت ناقابل برداشت ہے۔

سیاسی قیادت، اہل خانہ، ذاتی معالجین اور وکلا کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینا ان کا آئینی و قانونی حق ہے، جسے کسی صورت سلب نہیں کیا جاسکتا،وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان سے ملاقاتوں پر پابندی اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ مینڈیٹ چور حکومت جیل میں قید عمران خان سے شدید خوفزدہ ہے۔ پنجاب حکومت نے عمران خان کو گزشتہ نو ماہ سے قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے، جو انسانی حقوق کی سنگین پامالی اور سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے،انہوں نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتیں اپنی گورننس کی ناکامیوں پر پردہ ڈالنے کے لیے سیاسی انتقام کی سیاست کر رہی ہیں۔

اگر یہ حکمران عوامی ووٹ سے منتخب ہوتے تو فارم 47 کے سہارے حکومت کرنے کے بجائے آئین و قانون کے مطابق ملک چلاتے،شفیع جان نے کہا کہ وفاقی اور پنجاب حکومتوں کے غیر آئینی و غیر قانونی اقدامات کے خلاف خیبر پختونخوا سمیت ملک بھر میں آج رات بھرپور احتجاج کیا جائے گا،انہوں نے مزید کہا کہ 27 ستمبر کو اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ میں لاکھوں نوجوان شریک ہوں گے۔ عمران خان کی رہائی اور آئین و قانون کی بالادستی کے لیے آئینی، قانونی اور پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی