Live Updates

صوبہ بھر میں مسلم لیگ (ن) کی ضلعی اور تحصیل سطح کی تنظیموں کی یومِ آزادی تقریبات کا انعقاد

جمعہ 14 اگست 2026 17:05

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2026ء) وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صدر انجینئر امیر مقام کی زیرِ صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) خیبرپختونخوا کے صوبائی سیکرٹریٹ، پشاور میں یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پارٹی عہدیداران، کارکنان اور مختلف ذیلی ونگز کے نمائندگان نے بھرپور شرکت کی۔

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناحؒ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان قائداعظمؒ کی بصیرت، ولولہ انگیز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی لازوال جدوجہد اور قربانیوں کا ثمر ہے۔ انہوں نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر قوم اس عزم کی تجدید کرتی ہے کہ پاکستان کی آزادی، خودمختاری، سلامتی، آئینی بالادستی اور قومی یکجہتی کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا ہوگا۔ یہی اس وقت سب سے اہم اور بنیادی معاملہ ہے۔انہوں نے شہداء کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ مادرِ وطن کے دفاع اور سلامتی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔ پوری قوم ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور شہداء کے خاندانوں کے عزم و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہے۔

انجینئر امیر مقام نے ’’معرکہ حق ‘‘اور آپریشن ’’بنیان المرصوص ‘‘کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے دشمن کے عزائم کے مقابلے میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں مسلح افواج کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں پوری قوم سیاسی و عسکری قیادت کے شانہ بشانہ کھڑی رہی۔

انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان تاریخی دفاعی تعاون اور مفاہمت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ تینوں برادر اسلامی ممالک کے درمیان دفاعی و تزویراتی تعاون خطے کے امن، استحکام اور اجتماعی سلامتی کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان اپنے برادر ممالک سعودی عرب اور ترکی کے ساتھ باہمی احترام، مشترکہ مفادات اور علاقائی امن کے لیے تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

انجینئر امیر مقام نے بھارتی غیر قانونی زیرِ قبضہ جموں و کشمیر (IIOJK) کے عوام سے بھی مکمل یکجہتی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیری عوام طویل عرصے سے جبر، پابندیوں اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کو یقین دلاتا ہے کہ وہ ان کی جائز جدوجہد اور حقِ خودارادیت کی حمایت سے کبھی دستبردار نہیں ہوگا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حقِ خودارادیت کے حصول تک ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ پاکستان کشمیری عوام کی آزادی اور ان کے بنیادی حقوق کے لیے اپنی آواز ہر عالمی فورم پر بلند کرتا رہے گا۔انجینئر امیر مقام نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، تاہم قومی سلامتی، خودمختاری اور آزادی کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہے اور قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے ساتھ متحد کھڑی ہے۔انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے کارکنان پر زور دیا کہ وہ قائداعظمؒ کے اصول اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کو اپنی سیاسی اور قومی زندگی کا شعار بنائیں، عوامی خدمت کو ترجیح دیں اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی، استحکام اور قومی یکجہتی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی، شہداء کے درجات کی بلندی اور کشمیری عوام کی آزادی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ شرکاء نے قومی جوش و جذبے کے ساتھ پاکستان ہمیشہ زندہ باد، پاکستان پائندہ باد کے نعرے بلند کیے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور کشمیر کے کاز کے لیے قومی یکجہتی اور عزم کے ساتھ اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔اسی طرح، مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر انجینئر امیر مقام کی ہدایات پر، صوبہ بھر میں مسلم لیگ (ن) کی ضلعی اور تحصیل سطح کی تنظیموں نے یومِ آزادی منانے کے لیے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا۔
Live سعودی عرب سے متعلق تازہ ترین معلومات