بدین میں 79ویں یومِ آزادی کی پروقار تقریبات، قومی پرچم لہرائے گئے

جمعہ 14 اگست 2026 22:00

بدین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر ضلع بدین میں ضلع کونسل اور جیم خانہ بدین کے زیرِ اہتمام پروقار تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں سرکاری افسران، سیاسی و سماجی شخصیات، طلبہ اور شہریوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مختلف مقامات پر قومی پرچم لہرائے گئے، پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے سلامی دی جبکہ طلبہ نے ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کرکے قومی جذبے کو اجاگر کیا۔

ضلع کونسل بدین کی تقریب میں چیئرمین ضلع کونسل و صدر پاکستان پیپلز پارٹی ضلع بدین جام علی اصغر ہالیپوٹو نے ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی کے ہمراہ قومی پرچم لہرا کر تقریب کا افتتاح کیا۔ تقریب میں وائس چیئرمین ضلع کونسل و تعلقہ صدر پیپلز پارٹی بدین فدا حسین منگھریو، چیف آفیسر ضلع کونسل اشوک کمار، ڈی ایس پی بدین شکیل احمد سولنگی، ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات سرفراز سموں، محکمہ تعلیم کے فوکل پرسن محمد خان سموں سمیت مختلف محکموں کے افسران، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہری شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

قومی پرچم کشائی کے بعد سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی جبکہ مارچ پاسٹ کے ذریعے قومی پرچم کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، قومی یکجہتی، امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جام علی اصغر ہالیپوٹو نے کہا کہ یومِ آزادی ہماری قومی تاریخ کا عظیم دن ہے جو ہمیں اپنے اکابرین کی جدوجہد اور پاکستان کے قیام کے لیے دی گئی لازوال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔

انہوں نے ضلع بدین کی عوام کی جانب سے پاک فوج، صدر مملکت آصف علی زرداری، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، پارٹی کارکنان اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانیوں کو یومِ آزادی کی مبارکباد پیش کی۔انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی، استحکام اور سلامتی کے لیے قومی اتحاد اور یکجہتی ناگزیر ہے۔ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں اور شہداء کی بے مثال قربانیوں کا ثمر ہے، اس لیے ہمیں ان کے مشن کو آگے بڑھانے اور وطن کی ترقی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

جشنِ آزادی کی مناسبت سے اسکول کے بچوں نے تقاریر، ٹیبلو اور ملی نغمے پیش کیے، جنہیں شرکائ نے بھرپور داد دی۔ ملی نغموں کے دوران پاکستان زندہ باد کے نعروں سے فضا گونج اٹھی۔دوسری جانب ضلع بدین کی مرکزی جشنِ آزادی تقریب جیم خانہ بدین میں منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر بدین یاسر بھٹی، ایس ایس پی بدین قمر رضا جسکانی، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون کاشف رضا منگی، اسسٹنٹ کمشنر بدین راجیش دلپت، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر زاہد حسین سولنگی، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر انور علی روشن، ڈسٹرکٹ اسکاؤٹ سیکریٹری میر محمد کھوسو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں قومی پرچم لہرایا گیا، جس کے بعد سندھ پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور مارچ پاسٹ کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر یاسر بھٹی نے کہا کہ یومِ آزادی ہماری قومی عید ہے اور آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، جس کی قدر ہم سب کو کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی اہمیت وہ قومیں بہتر جانتی ہیں جو اس عظیم نعمت سے محروم ہیں۔ آج ہم اپنے بزرگوں کی انتھک محنت اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے یومِ آزادی جوش، جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منا رہے ہیں۔جیم خانہ بدین کی تقریب میں بھی اسکولوں کے بچوں نے حب الوطنی سے سرشار ملی نغمے، تقاریر اور ٹیبلو پیش کیے اور حاضرین سے بھرپور داد وصول کی۔