حصولِ آزادی کے بعد اب آزادی کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے‘مریم اورنگزیب

جمعہ 14 اگست 2026 19:43

حصولِ آزادی کے بعد اب آزادی کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے‘مریم اورنگزیب
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2026ء) سینئر صوبائی وزیر پنجاب مریم اورنگزیب نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسائنسز میں یومِ آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کی اور ملکی سلامتی، ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی آزادی ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں اور شہداء کے لہو کا ثمر ہے، اس عظیم ورثے کی حفاظت ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے لیے 1947 میں ہمارے بزرگوں نے بے مثال قربانیاں دیں، جبکہ قیامِ پاکستان کے بعد بھی ملک کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے ہر شعبے سے تعلق رکھنے والے افراد نے قربانیاں پیش کیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ ہم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتے ہیں جن کی قربانیوں کی بدولت آج ہم آزاد فضا میں یومِ آزادی منا رہے ہیں، حصولِ آزادی کے بعد اب آزادی کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی قیادت کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے عالمی سطح پر اپنی خودمختاری، قومی وقار اور مفادات کے دفاع کا عزم مزید مضبوط کیا ہے۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مؤقف اور قومی وقار کو مؤثر انداز میں اجاگر کرنے پر وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتی ہوں۔

مریم اورنگزیب نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے دفاع، سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے افواجِ پاکستان نے قابلِ فخر کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں کامیابی پر تمام سولجرز کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں، پاکستان آج دنیا میں امن کے فروغ اور قیام میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان کی حقیقی طاقت اتحاد، قربانی، مساوات، اخوت، رواداری اور قومی یکجہتی میں ہے، ہمارا ملک اتحاد اور امن کے ذریعے ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ قائداعظمؒ کا پاکستان وہ پاکستان ہے جہاں ہر شہری کو بلاامتیاز برابر حقوق، عزت اور مواقع حاصل ہوں، مذہب، رنگ، نسل اور زبان سے بالاتر ہو کر تمام پاکستانی ملک کی ترقی اور خوشحالی کے برابر کے شریک ہیں۔

سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ آزادی کا تقاضا ہے کہ ہم اختلافات سے بالاتر ہو کر بھائی چارے، رواداری اور اتحاد کو فروغ دیں اور ایک مضبوط، خوشحال، پرامن اور متحد پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی خدمت، ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کیا جا رہا ہے، پنجاب کے ہر شہر میں ہسپتالوں اور صحت کے نظام پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

انہوں نے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف نیوروسciences کے ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل اسٹاف، ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور پرنسپل کی کارکردگی کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ پبلک سروس کے تحت اسپتال کی تمام سروسز انتہائی شاندار انداز میں کام کر رہی ہیں۔مریم اورنگزیب نے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی کارکردگی کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ صحت مند قوم ہی مضبوط اور ترقی یافتہ پاکستان کی ضمانت ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اسپتال میں نئی اسکین مشین کی منظوری دے دی ہے، جس سے مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولیات میسر آئیں گی۔سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ ڈاکٹرز، نرسز اور ہیلتھ ورکرز قوم کی خدمت میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں اور حکومت پنجاب عوام کو جدید اور معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی کے لیے پرعزم ہے۔

انہوں نے نوجوانوں کو پاکستان کا مستقبل قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوان ملک کی تعمیر و ترقی میں آگے آئیں اور اپنی صلاحیتوں کو پاکستان کی خدمت کے لیے بروئے کار لائیں۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج کا دن وطن سے وفاداری، تجدیدِ عہد اور قومی ذمہ داری کا دن ہے، ہمیں عہد کرنا ہوگا کہ پاکستان کی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔سینئر صوبائی وزیر نے پوری قوم کو جشنِ آزادی کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے، ہمیں اس نعمت کی قدر، حفاظت اور ترقی کے لیے متحد ہو کر کام کرنا ہے۔ایک بار پھر پوری قوم کو جشنِ آزادی مبارک ہو۔