Live Updates

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور مہنگائی 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے ، منعم ظفر خان

نوجوان، خواتین، طالب علم، مزدور، کسان ہر فرد پریشان ہے۔ گورنر ہائوس پر دھرنے کے چوتھے دن خواتین کے جلسے سے خطاب جمعہ 21 اگست کو گورنر ہائوس پر عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا، حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ، عوام فیملی کے ہمراہ شرکت کریں خواتین جلسے سے سیف الدین ایڈوکیٹ ، رخشندہ منیب ، جاوداں فہیم و دیگرنے بھی خطاب کیا ،شہر بھر سے خواتین کی بھر پور شرکت

بدھ 19 اگست 2026 22:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2026ء) پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی اور آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہائوس پر جماعت اسلامی کا دھرنا چوتھے دن بھی جاری رہا ، بدھ کی سہ پہر گورنر ہائوس کے سامنے خواتین کا ایک بڑا احتجاجی جلسہ منعقد ہوا جس میں شہر بھر سے بڑی تعداد میں خواتین نے شرکت کی ۔امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان خواتین کے احتجاجی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس جدوجہد میں خواتین اور ننھے منے بچے شریک ہوں اسے کوئی شکست نہیں دے سکتا۔

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس ظلم کا صرف ایک عنوان ہے۔ عوام پر یہ بھتہ ٹیکس مسلط کرنے والے وہ لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کو اس کی اصل اور حقیقی منزل سے دور کیا ہے۔ پاکستان بڑی امیدوں و تمناؤں کے ساتھ اور کلمہ لاالا اللہ کے نفاذ کے لیے حاصل کیا گیا لیکن افسوس کہ 79 سال سے ملک پر وڈیرے، جاگیردار، خوانین اور سردار قابض ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کو اس کے مقصد وجود اور عوام کو حق حکمرانی سے محروم رکھا گیا ، ظالم حکمرانوں نے ہر جانب سے پاکستان کو گھیرے میں لیا ہوا ہے۔

پیٹرول لیوی بھتہ ٹیکس اور مہنگائی کا مسئلہ صرف جماعت اسلامی نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کا مسئلہ ہے ، میڈیا پرسن، نوجوان، خواتین، طالب علم، مزدور، کسان ہر فرد پریشانی کا شکار ہے۔ 130 روپے فی لیٹر پیٹرول میں بھتہ وصول کیا جارہا ہے۔ مطالبات کی منظوری تک گورنر ہاؤس پر دھرنا جاری رہے گا ۔ 4 دن سے دھرنے جاری ہیں، کوئی شیشہ نہیں ٹوٹا کوئی پتھر نہیں پھینکا گیا۔

جمعہ 21 اگست کو گورنر ہائوس پر عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگا، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے ، عوام فیملی کے ہمراہ شرکت کریں۔خواتین کے جلسے سے نائب امیر جماعت اسلامی کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ ،جماعت اسلامی صوبہ سندھ حلقہ خواتین کی ناظمہ رخشندہ منیب ،جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم و دیگرنے بھی خطاب کیا ،جلسے میں شریک خواتین نے مختلف بینرز و پلے کارڈرز اُٹھائے ہوئے تھے جن پر مختلف نعرے اور مطالبات درج تھے۔

منعم ظفر نے مزید کہا کہ گزشتہ مالیاتی سال میں1566 ارب روپے لیوی کی مد میں غریب عوام سے وصول کیے گئے ہیں،حکمران کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کا قرضہ اتارنا ہے۔ پاکستان کے عوام کا چولہا بجھ رہا ہے لیکن حکمرانوں کی شاہ خرچیاں کم ہونے کا نام نہیں لے رہی۔ ملک میں پیدا ہونے والا بچہ 3 لاکھ روپے کا مقروض ہوتا ہے۔ ظلم کے خلاف صرف جماعت اسلامی او ر حافظ نعیم الرحمن کی توانا آواز بدل دو نظام کے عنوان سے پورے پاکستان میں گونج رہی ہے۔

سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کی عوامی جدوجہد کی تاریخ میں ایک اور اضافہ اور ایک نئی ایک تاریخ رقم ہوگئی ہے ، پاکستان کے بڑے بڑے شہروں میں دھرنے ہورہے ہیں اور خواتین بھی مردوں کے شانہ بشانہ ہیں۔ 79 سال سے ملک میں ایسا نظام قابض ہے جس نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے۔ خاموشی سے بیٹھنا کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ جماعت اسلامی کا دھرنا وفاقی حکومت کے خلاف ہے لیکن تکلیف سعید غنی اور قابض میئر مرتضیٰ وہاب کو ہورہی ہے۔

سعید غنی کی ناک کے نیچے اربوں روپے کی کرپشن ہورہی ہے لیکن تکلیف انہیں دھرنے سے ہورہی ہے۔ سعید غنی بتائیں کہ جب ذولفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو دھرنے اور جلوس کیا کرتے تھے کیا وہ ہوا میں کیا کرتے تھے۔ پیپلز پارٹی کراچی کے لیے دیمک بن چکی ہے جو دیمک کی طرح کراچی کو کھارہی ہے۔ پیپلز پارٹی نے کراچی کے تمام اداروں کو تباہ و برباد کردیا ہے۔

کراچی یونیورسٹی روڈ پر بی آر ٹی منصوبہ جنازے کی طرح پڑا ہوا ہے اعلان کیا گیا تھا کہ 31 جولائی کو کراچی یونیورسٹی روڈ کو کھول دیا جائے گا لیکن ابھی تک روڈ بحال نہیں کی گئی۔رخشندہ منیب نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیاں ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی اور مسلسل عوام پر بوجھ ڈالا جارہا ہے۔ حکمرانوں کی تنخواہوں، مراعات میں کئی کئی گنا اضافہ کیا جاتا ہے۔

حکومت عوام پر بوجھ کم کرنے پر تیار نہیں ، اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی اور 5 روپے پیٹرول و ڈیزل پر بڑھادیے ہیں۔ گھروں میں بجلی، گیس اور پانی تو نہیں آتا لیکن باقاعدگی سے بھاری بھرکم ٹیکسز کے ساتھ بل ضرور آتے ہیں۔ آج خواتین اس لیے دھرنا دینے پر مجبور ہیں کہ گھروں میں نہ بجلی نہ پانی اور نہ ہی گیس میسر ہے۔ سندھ بھر میں خواتین کے لیے باعزت ٹرانسپورٹ تک میسر نہیں ہے۔

خواتین سفر کے لیے چنگ چی اور رکشوں میں سفر کرنے پر مجبور ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 7 لاکھ بچے سندھ میں بھوکے سوتے ہیں۔ پورے پاکستان کی خواتین کا مطالبہ ہے کہ پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس ختم اور 11 ارب روپے کا جہاز فروخت کیا جائے۔ جاوداں فہیم نے کہا کہ عوام کے حق اور ظلم کے خلاف جدو جہد میں خواتین بہنیں اپنے بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گی۔ آج خواتین دھرنے میں دوسری مرتبہ آئی ہیں اگر دوبارہ کال دی گئی تو اس سے بھی بڑھ کر دھرنے میں شرکت کریں گی۔

عظمی بخاری کہتی ہیں کہ جماعت اسلامی کے دھرنے میں مدارس کے طلبہ ہوتے ہیں۔ عظمی بخاری کراچی کے دھرنے میں آئیں اور دیکھیں یہاں موجود خواتین ڈاکٹرز،وکلاء، اساتذہ اور کام کرنے والی خواتین بڑی تعداد میں موجودہیں۔ اگر عوام اب بھی نہ جاگے تو نااہل حکمران ہم سے جینے کا حق بھی چھین لیں گے۔ مزاحمت کبھی ناکام نہیں ہوتی ہمار ی مزاحمت اس وقت تک جاری رہے گی جب تک ظلم کا خاتمہ نہیں ہوگا۔

آئی پی پیز کے خلاف جماعت اسلامی کی جدوجہد اور دھرنے کی وجہ سے 5 آئی پی پیز بند کی گئیں اور 25 سے معاہدے کم کیے گئے۔علاوہ ازیں دھرنے میں مردوں کے سیشن کے دوران نائب امیر جماعت اسلامی صوبہ سندھ و ٹاؤن چیئرمین نیو کراچی محمد یوسف ،نائب امیر صوبہ سندھ الطاف ملاح ،امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی سفیان دلاور،سکریٹری ضلع شمالی شکیل احمد، پبلک ایڈ کمیٹی کے جنرل سیکریٹری نجیب ایوبی نے بھی خطاب کیا۔
Live پیٹرول کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ سے متعلق تازہ ترین معلومات