مریم نواز کے خلاف مقدمے کے اندراج کی درخواست، پشاور ہائیکورٹ کے وکیل کا اشتعال انگیز اور صوبائی منافرت پر مبنی بیان کا الزام عائد

+وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف پشاور میں پولیس سے کارروائی کا مطالبہ، وکیل کا صوبائی تعصب اور نفرت کو فروغ دینے کا الزام، شواہد کی تفتیش کا مطالبہ

جمعرات 10 ستمبر 2026 04:05

% پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 10 ستمبر2026ء) پشاور ہائیکورٹ کے وکیل نور شیر خان ایڈووکیٹ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے خلاف مبینہ اشتعال انگیز اور صوبائی منافرت پر مبنی بیان دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرنے کے لیے تھانہ شرقی پشاور کے ایس ایچ او کو درخواست جمع کرا دی۔درخواست گزار کے مطابق مریم نواز نے 6 ستمبر 2026 کو لاہور میں ایک سرکاری تقریب سے خطاب کے دوران پنجاب کو پڑوسی ممالک کے مقابلے میں ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہونے سے متعلق بیان دیا۔

نور شیر خان ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ مذکورہ بیان سے صوبائی تعصب، نفرت اور بداعتمادی کو فروغ مل سکتا ہے، جبکہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام کے جذبات بھی مجروح ہوئے ہیں۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے عوام طویل عرصے سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانی و مالی قربانیاں دیتے رہے ہیں، جبکہ پولیس، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں جانیں قربان کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

درخواست گزار نے مریم نواز کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعہ 153-A، دفعہ 505 اور دیگر متعلقہ قانونی دفعات کے تحت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست میں آئین کے آرٹیکل 5 کا بھی حوالہ دیا گیا ہے۔نور شیر خان ایڈووکیٹ نے پولیس سے استدعا کی ہے کہ درخواست کو بطور استغاثہ قبول کرتے ہوئے قانون کے مطابق مقدمہ درج کیا جائے اور بیان سے متعلق سوشل میڈیا اور دیگر دستیاب شواہد کو تفتیش کا حصہ بنایا جائی