لیڈرز ان اسلام آباد بزنس سمٹ کا نواں ایڈیشن 17 ستمبر کو ہوگا

وفاقی وزرا، عالمی اداروں کے نمائندے اور کاروباری رہنما شریک ہوں گے، پاکستان کی معیشت، ٹیکنالوجی اور جغرافیائی سیاسی سمت پر غور کیا جائے گا

منگل 15 ستمبر 2026 19:00

ذ*اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 ستمبر2026ء) نٹ شیل گروپ کے زیر اہتمام لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ کا نواں ایڈیشن 17 ستمبر کو اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوگا۔ رواں سال سمٹ کا موضوع ’’اگلا قدم رکھا گیا ہے، جس میں وفاقی وزرا، عالمی اداروں کے نمائندے اور پاکستان کی بڑی کمپنیوں کے سربراہان شرکت کریں گے۔سمٹ میں پاکستان کو درپیش معاشی، تزویراتی اور ٹیکنالوجی کے چیلنجز اور مستقبل کی سمت پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔

گزشتہ سال کی سمٹ میں غیر یقینی صورتحال سے نمٹنے پر توجہ دی گئی تھی، جبکہ رواں سال عملی اقدامات، فیصلہ سازی اور پاکستان کے اگلے معاشی و تزویراتی قدم پر غور کیا جائے گا۔سمٹ کا آغاز ’’اگلا قدم: موجودہ صورتحال کا جائزہ کے عنوان سے افتتاحی نشست سے ہوگا، جس میں وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی اور وفاقی وزیر نجکاری محمد علی خطاب کریں گے۔

(جاری ہے)

اے سی سی اے کی عالمی ایگزیکٹو ڈائریکٹر لوسیا ریئل مارٹن کلیدی خطاب کریں گی۔دن بھر مختلف موضوعات پر پانچ نشستیں ہوں گی، جن میں جغرافیائی سیاست، جغرافیائی معیشت، کاروبار، ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی، سرمایہ کاری، مالیاتی شعبے اور قومی معیشت سے متعلق امور زیر بحث آئیں گے۔’جغرافیائی سیاست، جغرافیائی معیشت اور پاکستان کے موضوع پر نشست میں عالمی مالیاتی اداروں، اقوام متحدہ، نجی شعبے اور سرمایہ کاری سے وابستہ ماہرین شرکت کریں گے۔

اس کے علاوہ ’’کاروبار، ٹیکنالوجی اور مسابقت کا نیا منظرنامہ‘ کے موضوع پر نشست میں کاروباری اور ٹیکنالوجی شعبے کی اہم شخصیات اپنی آرا پیش کریں گی۔’’مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل تبدیلی اور معاشی قدر‘ کے عنوان سے نشست میں پاکستان میں مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور معاشی ترقی کے باہمی تعلق کا جائزہ لیا جائے گا، جبکہ ’’سرمایہ، مالیات اور اعتماد پر مبنی معیشت‘ کے موضوع پر ہونے والی نشست میں سرمایہ کاری، مالیاتی نظام اور کاروباری اعتماد کے فروغ پر گفتگو ہوگی۔

سمٹ کا اختتام’’پاکستان: انتخاب کی سمت‘ کے عنوان سے نشست سے ہوگا، جس میں سابق نگران وزیراعظم سینیٹر انوارالحق کاکڑ، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ کاری سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک، سابق چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ریٹائرڈ سہیل امان، کاروباری شعبے اور ذرائع ابلاغ سے وابستہ شخصیات شرکت کریں گی۔لیڈرز اِن اسلام آباد بزنس سمٹ 2026 مختلف ملکی و غیر ملکی اداروں کے تعاون سے منعقد کی جا رہی ہے۔ منتظمین کے مطابق سمٹ پاکستان کے معاشی مستقبل، کاروباری مواقع، ٹیکنالوجی اور عالمی سطح پر ملک کے کردار کے حوالے سے اہم مکالمے کا پلیٹ فارم فراہم کرے گی۔