کراچی کو بندوق کے سائے میں رکھنے والے آج جمہوریت اور آئینی ترامیم پر درس دینے کے لائق نہیں رہے، قادر مندوخیل کا مصطفی کمال کو جواب

لندن سے لے کر کراچی تک کی تاریخ گواہ ہے کہ کس نے شہر کا امن اور روزگار اپنے ہاتھوں سے برباد کیا، رہنما پیپلز پارٹی قادر مندوخیل کا شدید رد عمل

ہفتہ 19 ستمبر 2026 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 ستمبر2026ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قادر مندوخیل نے وفاقی وزیر ایم کیو ایم کے رہنما مصطفی کمال کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ کراچی کو بندوق کے سائے میں رکھنے والے آج جمہوریت اور آئینی ترامیم پر درس دینے کے لائق نہیں رہے،لندن سے لے کر کراچی تک کی تاریخ گواہ ہے کہ کس نے شہر کا امن اور روزگار اپنے ہاتھوں سے برباد کیا۔

انہوںنے کہاکہ اٹھارہویں ترمیم کے خلاف ہرزہ سرائی دراصل چھوٹے صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے کی ناکام کوشش ہے، مصطفی کمال صرف ایک مہرہ ہیں جن کا کام وفاق کو کمزور کرنے کی بیرونی ایجنڈے کی لائن کو آگے بڑھانا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سندھ کے دیہی علاقوں پر مگرمچھ کے آنسو بہانے والے بتائیں کہ انہوں نے اپنے دورِ میئر میں بلدیہ ٹاؤن کے متاثرین کو کیا دیا ،انتظامی اکائیوں کا شوشہ چھوڑ کر عوام کو تقسیم کرنے والے عناصر اب تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بن چکے ہیں۔

(جاری ہے)

قادر مندوخیل نے کہاکہ سندھ کی دھرتی کو توڑنے کا خواب دیکھنے والوں کو پتا ہونا چاہیے کہ پیپلز پارٹی دھرتی ماں کی محافظ ہے۔ انہوںنے کہاکہ پولیس پر تنقید کرنے والے بھول گئے کہ انہوں نے خود سرکاری وسائل کو کس طرح اپنے ذاتی جتھوں کے لیے استعمال کیا۔ قادر مندو خیل نے کہاکہ کراچی کے باشعور عوام اب کسی نئی 'اصلاح شدہ' ایم کیو ایم کے دھوکے میں آنے والے نہیں ہیں۔

قادر مندوخیل نے کہاکہ ہسپتالوں اور ایڈز کے حوالے سے من گھڑت کہانیاں سنانے والے پہلے اپنے سیاسی گریبان میں جھانکیں۔ قادر مندوخیل نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے ہر دور میں سندھ کے ہاری اور کراچی کے مزدور کو جوڑا ہے، ہم نفرت کی سیاست کو دفن کر چکے ہیں۔ قادر مندو خیل نے کہاکہ سندھ کی ترقی وڈیروں کی مرہونِ منت نہیں، پیپلز پارٹی نے عوامی طاقت سے بلدیاتی اور صوبائی نظام کو مستحکم کیا ہے۔