لانگ مارچ کسی بیک ڈور رابطے کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا، یہ پارٹی کا انفردی فیصلہ تھا. سلمان اکرم راجہ

ابھی تک حکومت نے مذاکرات کا کوئی سگنل نہیں دیا، دہشتگردی کی تازہ لہر اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ سب مل بیٹھ کربات کریں، مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ ہوا تو ہم اس کی پاسداری کریں گے . تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم پیر 28 ستمبر 2026 17:15

لانگ مارچ کسی بیک ڈور رابطے کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا، یہ پارٹی کا انفردی ..
لاہور(اردوپوا ئنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28 ستمبر ۔2026 ) پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ لانگ مارچ کسی بیک ڈور رابطے کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا،اس کے بعد ابھی تک حکومت نے مذاکرات کا کوئی سگنل نہیں دیا،ظلم، فسطائیت، سفاکیت کی انتہا ہوچکی ، عمران خان کی بہنوں کو جب گرفتار کیا گیا تو 100 سے زائد مرد پولیس اہلکار گھر میں داخل ہوئے جنہوں نے دروازے توڑے،وہاں بچیاں بھی موجود تھیں.

(جاری ہے)

لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کیس کی سماعت کے بعد صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے بیک ڈور رابطوں کی وجہ سے لانگ مارچ ملتوی ہونے کی خبروں کو مسترد کردیا اور کہا کہ لانگ مارچ ملتوی کرنے کے بعد ابھی تک حکومت نے مذاکرات کا کوئی سگنل نہیں دیا لیکن ہم نے حکومت کو مزید وقت دیا کہ وہ اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کرے. انہوں نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ کسی بیک ڈور رابطہ کی وجہ سے ملتوی نہیں کیا بلکہ یہ پارٹی کا انفردی فیصلہ تھا، اگر کوئی بات ہوگی تو علامہ ناصرعباس اور محمود اچکزئی موجود ہیں، کوئی رابطہ کاری ہوتی ہے تو ضروری نہیں وہ فوری منظر عام پر آئے.

سلمان اکرم کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کی تازہ لہر اس بات کا تقاضہ کرتی ہے کہ سب مل بیٹھ کربات کریں، مذاکرات کے نتیجے میں کوئی فیصلہ ہوا تو ہم اس کی پاسداری کریں گے، مطالبہ یہی ہے کہ عمران خان کو شفا اسپتال منتقل کیا جائے انہوں نے کہا کہ اس وقت ظلم فسطائیت، سفاکیت کی انتہا ہوچکی ہے،جو کچھ ہورہا ہے ہم نے عدالت کے سامنے یہ تمام باتیں رکھی ہیں.