عراق،بغداد میں یکے بعد دیگرے بم دھماکے، 24 افراد ہلاک ، 60 زخمی

منگل 21 جنوری 2014 05:22

بغداد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء)عراق کے دارالحکومت بغداد میں یکے بعد دیگرے چھ بم دھماکوں میں کم ازکم 24 افراد ہلاک اور 60 زخمی ہوگئے ہیں۔بغداد کے جنوبی علاقے ابو دشیر میں سوموار کو ایک مصروف مارکیٹ میں سب سے تباہ کن کار بم حملہ کیا گیا ہے جس کے نتیجے میں سات افراد مارے گئے ہیں۔ سنی اکثریتی علاقے الدورہ میں دو بم دھماکے ہوئے ہیں جن میں پانچ افراد اور شیعہ اکثریتی علاقے بغداد جدیدہ میں بم دھماکے میں چار افراد مارے گئے ہیں۔

شیعہ آبادی والے دو اور علاقوں حری اور البائعا میں بھی دھماکے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عراقی حکام نے ان بم دھماکوں میں چوبیس ہلاکتوں اور اٹھاون افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔فوری طور پر کسی گروپ نے ان بم دھماکوں کی ذمے داری قبول نہیں کی۔عراقی دارالحکومت میں یہ بم حملے ایسے وقت میں کیے گئے ہیں جب سکیورٹی فورسز مغربی صوبے الانبار میں القاعدہ سے وابستہ تنظیم کے جنگجووٴں کے خلاف نبرد آزما ہیں۔القاعدہ اور اس کے حامی سنی جنگجووٴں نے صوبے کے بڑے شہروں رمادی اور فلوجہ پر قبضہ کر رکھا ہے۔ان کی تشدد آمیز کارروائیوں کے بعد سے عراق میں ہلاکتوں میں بھی اضافہ ہوا ہے اور اس ماہ اب تک ساڑھے چھ سو سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :