بلوچستان میں وفاقی منصوبوں پر کام کی رفتا راور فنڈز اور مسائل ومشکلات کے جائزہ کیلئے جلد اجلاس طلب کیا جائے گا ،اسحاق ڈار،وزیر خزانہ کی وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ملاقات کے دوران یقین دہانی

منگل 21 جنوری 2014 05:15

اسلام آباد، کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔21جنوری۔2013ء) بلوچستان میں جاری وفاقی منصوبوں پر کام کی رفتا راور فنڈز کے اجراء اور مسائل ومشکلات کا جائزہ لینے کیلئے جلد ہی متعلقہ وفاقی اداروں اور محکموں کا اجلاس طلب کیا جائے گا تاکہ حائل رکاو ٹوں کو دور کیا جاسکے‘ یہ یقین دہانی وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ملاقات کے دوران کرائی ۔

ملاقات کے دوران وفاقی منصوبوں جن میں کچھی کینال منصوبہ ‘ قومی شاہراہوں کی تعمیر ‘ میرانی ڈیم کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی ‘ واپڈ ا کی ٹرانسمیشن لائنوں کی تنصیب ‘ کیچ یونیورسٹی تربت کے لئے ترقیاتی ودیگر فنڈز کے اجراء ،کوئٹہ واٹر سپلائی ‘ سریاب فلا ئی اووراور گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت منصوبوں اور دیگر وفاقی منصوبوں پر عمل درآمد اور ان منصوبوں کے لئے وفاق کی جانب سے مالی سال2013-14 کیلئے مختص کردہ فنڈز کے اجراء سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر اس بات پر زور دیا کہ ان منصوبوں کے لئے مختص فنڈز کے عدم اجراء کی وجہ سے ان منصوبوں پر کام کی رفتار تسلی بخش نہیں ‘ فنڈز کے جلد اجراء سے ان منصوبوں کو آئندہ جون تک مکمل کیا جاسکتا ہے ‘ وفاقی وزیرخزانہ نے اس موقع پر کہاکہ بلوچستان ہمیں عزیز ہے اسکی ترقی پاکستان کی ترقی ہے ‘ بلوچستان کے وفاقی ترقیاتی منصوبوں کیلئے درکار فنڈز کے اجراء کے لئے تمام ممکنہ اقدامات کئے جائیں گے اور جلد ہی اس سلسلے میں متعلقہ وفاقی محکموں اور اداروں کا مشترکہ اجلاس طلب کیا جائے گا ‘ تاکہ حائل مشکلات کا تفصیلی جائرہ لے کر ان کا ازالہ کیا جاسکے‘ اور ضروری فنڈز کے اجراء کیلئے مناسب اقدامات کئے جاسکیں صوبائی مشیر خزانہ میر خالد لانگو ‘ صوبائی وزیر کھیل وثقافت میر مجیب الرحمن محمد حسنی اور مشیر ماہی گیری اکبر آسکانی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔