قومی اسمبلی اجلاس‘ پہلے روز دھواں دھار تقاریر کرنے والے سینئر اراکین اسمبلی ایوان سے غائب‘ اپوزیشن بھی غائب رہی

بدھ 29 جنوری 2014 08:02

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء) قومی اسمبلی کے آٹھویں اجلاس کا دوسرا روز‘ پہلے روز دھواں دھار تقاریر کرنے والے سینئر اراکین اسمبلی اور وزراء ایوان سے غائب‘ اجلاس کے آغاز میں کورم انتہائی کم رہا‘ تحریک انصاف‘ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی سمیت دیگر اپوزیشن اراکین کی حاضری بھی نہ ہونے کے برابر رہی۔ منگل کے روز ایوان کی کارروائی کو نجی کارروائی کے طور پر چلایا گیا۔

جب اجلاس کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا تو صرف وفاقی کابینہ کی نمائندگی ایک وزیر مملکت پیر امین الحسنات کررہے تھے اور دیگر وزراء کی فوج ظفر موج غائب تھی جبکہ اسی طرح اپوزیشن جماعتوں کی حاضری بھی انتہائی کم رہی۔ حکومت اور اپوزیشن کے کل ممبران کو ملا کر صرف 28 اراکین ایوان میں موجود تھے اور انتہایی کم کورم کیساتھ ایوان کی کارروائی چلائی جارہی تھی البتہ کسی رکن نے کورم کی نشاندہی شروع میں نہیں کی۔

(جاری ہے)

گذشتہ روز طالبان سے مذاکرات یا آپریشن پر بحث کرنے والے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ‘ تحریک انصاف کے پارلیمانی سربراہ عمران خان‘ ایم کیو ایم کے فاروق ستار‘ شیخ رشید سمیت کوئی بھی سینئر رکن ایوان کے اجلاس میں موجود نہیں تھا۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان اور دیگر وزراء بھی ایوان سے غائب تھے اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کی کارروائی کے بعد وزراء نے قومی اسمبلی کا رخ کرنا شروع کردیا۔