آئی سی سی کے بورڈنے پانچ رکنی اعلی اختیاراتی ایگزیکٹو کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے حاصل کر لیا،بگ تھری کے حوالے سے آئی سی کے اجلاس میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا،پی سی بی ،پی سی بی کی حتمی رائے گورننگ بورڈکی منظوری سے مشروط ہوگی ،ترجمان

بدھ 29 جنوری 2014 07:57

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔29جنوری۔2014ء)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے بورڈ نے منگل کو دبئی میں ایک اہم اجلاس میں ایک پانچ رکنی اعلی اختیاراتی ایگزیکٹو کمیٹی بنانے پر اتفاق رائے حاصل کر لیا ہے جس میں انڈیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو مستقل رکنیت حاصل ہو گی۔برطانو ی نشریاتی ادارے کے مطابق آئی سی سی کے اس اجلاس میں سنہ 2017 میں انگلینڈ میں ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کرانے کے فیصلے کو یکسر منسوخ کر دیا ہے۔

سولہ رکن ملکوں پر مشتمل آئی سی سی بورڈ کے اجلاس میں آئی سی سی میں مجوزہ تبدیلیوں کے مسودے پر غور کیا گیا جس کی کئی رکن ملکوں کی طرف سے زبردست مخالفت کی جا رہی تھی۔ ان تبدیلیوں میں کرکٹ کھیلنے والے تین بڑے ملکوں انڈیا، آسٹریلیا اور انگلینڈ کو وسیع انتظامی اور مالی اختیارات دینے کی تجاویز بھی شامل تھیں۔

(جاری ہے)

آئی سی سی کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس میں سے کئی ایک تجاویز کو یکسر رد کر دیا گیا ہے ، کچھ میں رد و بدل کر کے ان پر اتفاق رائے حاصل کر لیا گیا ہے اور چند ایک پر اپنی اصل حالت میں اتفاق رائِے ہو گیا ہے۔

ادھرپاکستان کرکٹ بورڈنے کہاکہ بگ تھری کے حوالے سے آئی سی سی کے اجلا س میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا،پی سی بی کی حتمی رائے گورننگ بورڈکی منظوری سے مشروط ہوگی ۔ترجمان پی سی بی کے مطابق گورننگ بورڈکے اجلاس میں تمام معاملات پرروشنی ڈالی جائے گی ،بحث کے بعدلائحہ عمل طے کیاجائیگا۔پاکستان کرکٹ بورڈکی حتمی رائے گورننگ بورڈمنظوری سے مشروط ہوگی ۔آئی سی سی کے آئندہ اجلاس سے قبل گورننگ باڈی کواعتمادمیں لیاجائیگا۔